• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرنسپل ایس ایم سائنس اور لیکچرار سندھ مدرسہ میں جھگڑا، پرچہ ملتوی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایس ایم سائنس کالج کی پرنسپل غزالہ ارشد اور سندھ مدرسہ اسلام یونیورسٹی کی لیکچرار فرحین آفندی کے درمیان جھگڑے کے بعد ایس ایم سائنس کالج میں انٹر کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے، تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ، غزالہ ارشد نے فرحین آفندی کو طمانچہ مارا جس کے بعد ایس ایم آئی یو کے عملے نے پرنسپل کو زودکوب کیا ۔ سپلا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سارا کھیل عمارت پر قبضے کا ہے سب کچھ وائس چانسلر کی ایما پر ہوا ، کمیٹی میں ڈاکٹر محمد علی شیخ کی شمولیت نامناسب ہے جبکہ ترجمان سندھ مدرسہ اسلام نے کہا کہ غزالہ ارشد نے ذاتی عناد کی وجہ سے اسکول کے بچوں پر گاڑی چڑھائی ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایم سائنس کالج کی پرنسپل غزالہ ارشد اور سندھ مدرسہ اسلام یونیورسٹی کی لیکچرار فرحین آفندی کے درمیان مارپیٹ کے واقعے کے بعد ایس ایم سائنس کالج میں انٹر کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے جبکہ وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر ایس ایم آئی یو، سیکرٹری کالجز اور سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈ پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایس ایم سائنس کالج کی پرنسپل غزالہ ارشد نے پہلے سندھ مدرسہ اسلام یونیورسٹی کی لیکچرار فرحین آفندی کو طمانچہ مارا بعدا ازاں سندھ مدرسہ اسلام یونیورسٹی کا عملہ پرنسپل کے کمرے میں گھس گیا اور انہیں زدوکوب کیا۔ سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کے رہنماؤں مرکزی صدر پروفیسر علی مرتضیٰ ، پروفیسر منور عباس، پروفیسر امیر لاشاری، پروفیسر عارف یونس، پروفیسر مطیع اللہ سہارن ، پروفیسر اصغر چنہ و دیگر نے پرنسپل غزالہ ارشد پر مبینہ حملے ، زدو کوب کرنے اور آفس میں توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارا کھیل کالج کی تاریخی عمارت پر قبضہ کرنے کی سازش ہے۔ سپلا کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے مگر استاد کی توہین اور کالج پر قبضہ کسی صورت قبول نہیں اور خاتون پرنسپل پر حملہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کے ایما پر کیا گیا ہے جبکہ خاتون پروفیسر کی کردار کشی کے لیے یونیورسٹی کی جانب سے پریس رلیز بھی جاری کی گئی جس سے واضح ہوتا ہے کہ ڈاکٹر محمد علی شیخ اس معاملے میں براہِ راست ملوث ہیں ۔ سپلا کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں فریق ڈاکٹر محمد علی شیخ کو شامل کرنا انتہائی نامناسب ہے اس لیے وزیرِ تعلیم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ محمد علی شیخ کو فریق ہونے کی بنیاد پر شامل نہ کریں ان کی جگہ کراچی کی کسی بھی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو شامل کیا جائے ۔ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایس ایم سائنس کالج کی پرنسپل غزالہ ارشد نے منگل کے روزایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کی اسمبلی کے دوران بچوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی جس کے دوران کلاس چھ کے نو بچے زخمی ہوگئے۔ بیان کے مطابق اسکول کی پرنسپل غزالہ ارشد نے اپنی ذاتی عناد کی وجہ سے اسکول کے معصوم بچوں پر گاڑی چڑھاکر ان کوجانی نقصان پہچانے کی کوشش کی۔ اس دوران جیسے ہی اسکول ٹیچر فرحین آفندی نے خاتون پرنسپل کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے اسکول ٹیچر فرحین آفندی کو زوردار تھپڑ رسید کیا اور زدوکوب کیا۔ جو کہ واضح طور پر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح انہوں نے تھپڑ مارکر جھگڑے کو بڑھایا۔ جس کے بعد اسکول کے بچوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے مطابق ایس ایم گورنمنٹ سائنس کالج میں بدنظمی کے باعث منگل 23؍ اپریل 2019ء کو صبح کی شفٹ میں سائنس گروپ کا اردو پرچہ اول ملتوی کردیا گیا، اس امتحانی مرکز کے طلباء کیلئے اس پرچہ کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ انٹربورڈ کی اعلیٰ اختیاراتی سپر ویجی لینس ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر قاضی ارشد حسین صدیقی اور ریجنل ڈائریکٹر کالجز سید ماجد علی ایس ایم گورنمنٹ کالج میں بدنظمی کی وجہ سے معاملات سنبھالنے کیلئے وہاں موجود رہے۔
تازہ ترین