• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستان کو مسلسل آٹھویں شکست، ٹیم چوتھے میچ کیلئے ناٹنگھم پہنچ گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) برسٹل کے ون ڈے انٹر نیشنل کے دوران ہائی اسکورنگ میچ میں کئی ریکارڈز ٹوٹ گئے۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستانی کرکٹ ٹیم کومسلسل آٹھویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی افریقا کے ہاتھوں آخری ون ڈےاور پھر آسٹریلیا کے خلاف لگاتار پانچ اور اب انگلینڈ کے خلاف مسلسل دوسری شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پاکستان کی جانب سے آخری سات ون ڈے انٹر نیشنل میں سات بیٹسمینوں نے سنچری بنائی بدقسمتی سے کوئی بیٹسمین اپنی اننگز کو میچ وننگ اننگز میں تبدیل نہ کرسکا تمام سات میچ پاکستانی ٹیم ہار گئی۔ آسٹریلیا کے خلاف ایک میچ میں دو سنچریاں بنیں اس کے باوجود پاکستان میچ ہار گیا۔ برسٹل میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ نے پانچ اوورز قبل 359 رنز کے ہدف کا کامیابی سے حاصل کیا۔ اس سے قبل جے پور میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت نے360 رنز کا اسکور پانچ اوورز قبل حاصل کر لیا تھا۔ پاکستان نے پانچ کیچ ڈراپ کئے۔ انگلینڈ کے لئے ہائی اسکورنگ میچ جیتنا معمول کی بات ہے۔ اس سال چار انگلینڈ نے ساڑھے تین سو سے زائد رنز دیئے اور چاروں میچ جیت لئے۔دریں اثنا انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو صفر کے خسارے میں جانے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پاس سیریز میں واپس آنے کا آخری موقع ہے اگر پاکستانی ٹیم نے جمعے کو ناٹنگھم میں چوتھا ون ڈے انٹر نیشنل بھی ہار گئی تو پاکستان کو جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے بعد مسلسل تیسری ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بدھ کو پاکستانی ٹیم برسٹل سے بس کے ذریعے ناٹنگھم پہنچ گئی۔ پاکستان چوتھے میچ میں تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ تیسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم نے بولنگ توقعات کے برعکس کی اور ہم نے کئی اہم کیچ ڈراپ کئے۔ ہمیں اپنی بولنگ میں بہتری لانا ہوگی۔ورلڈ کپ سے قبل بیٹنگ لائن میں بہت ساری مثبت چیزیں سامنے آرہی ہیں۔ ون ڈے میں360رنز کا ہدف عبور کرنا آسان نہیں تھا۔ ہمارے دونوں اوپنر امام الحق اور فخر زمان نے اچھی بیٹنگ کی ہے۔ آصف علی کی بیٹنگ میں اچھی کارکردگی نیک شگون ہے۔ مورگن نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹسمینوں کی کارکردگی پر فخر ہے۔

تازہ ترین