• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی، انسٹیٹیوٹ آف ہیلوفائٹ ڈاکٹر اجمل سے منسوب کرنیکا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نےجمعرات کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد عراقی نے ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے انھیں لیو انکیشمنٹ جاری کرنے کے احکامات دیئے۔ دریں اثنا جامعہ کراچی کے مرحوم وائس چانسلر کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس گل سے تعزیت کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلو فائٹ کا نام مرحوم وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے،انھوں نےڈاکٹر اجمل خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مغفرت کی دعا کی اور تعلیمی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں رجسٹرار ڈاکٹر محمد سہیل کوتبدیل کرکے شعبہ زراعت کے پروفیسر سلیم شہزاد کو رجسٹرار مقرر کردیا گیا جبکہ ناظم امتحانات ڈاکٹر عرفان عزیز کی جگہ شعبہ افسر مبشر مشتاق نے بتایا کہحیوانیات کے پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کو ناظم امتحانات مقرر کردیا گیا۔وی سی کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کی ترقی کے لئے ہم سب کو مل کرکام کرنے اوراپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے اداکرنے کی ضرورت ہے، اسی صورت میں ہم جامعہ کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ملازمین سیاست اور فضول کاموں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے ادارے کی ترقی کے لئے کام کریں جس سے ادارے کا نام روشن ہو۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے اس بات پر زور دیا کہ جامعہ کراچی کو خطے کی بہترین جامعہ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ساتھ مل کر محنت کریں ۔طلبہ ،اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو متحد ہوکر جامعہ کے لئے کام کرنا ہوگا ورنہ ہمارے لئے مقاصد کا حصول مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ شفافیت کے عمل پر بھرپوریقین رکھتے ہیں اور ان کے دفتر کے دروازے سب کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔کسی بھی پالیسی کو مرتب کرنے یا عملی جامہ پہنانے کیلئے شفافیت کو ترجیح دی جائے گی۔قبل ازیں ڈاکٹر خالد عراقی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور اساتذہ،طلبہ اور ملازمین کی بڑی تعدادنے گل پاشی کی۔
تازہ ترین