• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ڈالر کی بڑھتی قدر اور مہنگائی پر عمران خان اپنے بیانات یاد کریں۔

ڈالر کی بڑھتی قدر پر تبصرہ کرتے ہوئے مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ڈالر کی بڑھتی قدر اور مہنگائی پر عمران خان اپنے بیانات یاد کریں، خان صاحب فرمایا کرتے تھے کہ ڈالر اور اشیا مہنگی ہوں تو سمجھیں حکمران چور ہے۔

سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی مولابخش چانڈیو نے کہا کہ روزانہ ڈالر کی قیمت بڑھا کر عمران خان اپنی بات سچی ثابت کر رہے ہیں کہ حکمران چور ہے، 22 سال میں خان صاحب نے جو جو کہا وہ خود ثابت بھی کر کے دکھا رہے ہیں۔

مولابخش چانڈیو نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج جب ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے تو قوم خان صاحب کی تقریروں سے رہنمائی لے، انہوں نے کہا خان صاحب کی تقاریر کی روشنی میں دیکھیں تو تاریخ کی بدترین چور حکومت اقتدار میں ہے۔ روازنہ کی بنیاد پر ڈالر اور اشیا خور نوش مہنگے ہو رہے ہیں۔

ساری عمر چور چور کا راگ آلاپنے والا خود روزانہ قوم کے حقوق پر ڈاکے ڈال رہا ہے، عمران خان نے پہلے قوم کے مئنڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور پھر حقوق چھیننا شروع کئے۔

مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ سیلیکٹ وزیر اعظم نے اقتدار میں آکر لوگوں سے اُن کا گھر، روزگار اور مہنگائی کر کے غریبوں سے نوالہ تک چھین لیا، اور اب عوام کا حق حکمرانی بھی آئی ایم ایف کے پاس گروی کر دیا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو مشورہ ہے کہ مخالفوں پر تنقید کے بجائے اپنی تقاریر کے آئینے میں خود کو دیکھیں۔

تازہ ترین