• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حتمی کامیابی کیلئے صبر، عزم اور اتحاد ضروری، چیلنجز پہلے سے کم ہوگئے، آرمی چیف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ حتمی کامیابی کیلئے صبر ، عزم اور اتحاد ضروری ہے،ماضی قریب کی نسبت چیلنجز پہلے سے کم ہوگئے، افغان امن عمل میں مثبت کردار ادا کرتے رہینگے ، مشرقی سرحد پر بھی چوکس ہیں ، کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ، موثر بارڈر منیجمنٹ کیلئے سرحدی بارڈر کیساتھ ایف سی قلعوں کی تعمیر جاری ہے، چیلنجز بدستور درپیش ہیں لیکن ایسے کڑے حالات نہیں جن سے پاکستان ماضی قریب سے گزرا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے داوتوئی میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو سرحد پر آہنی باڑ لگانے کی پیشرفت، آپریشن اور سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں اور افسران سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں اور افسران سے ملاقات بھی کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے علاقے میں استحکام کیلئے کردار اور جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مؤثر بارڈرمنیجمنٹ کیلئے سرحدی باڑ کے ساتھ ایف سی قلعوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔ پاکستان کو بدستور چیلنجز درپیش ہیں لیکن ایسے کڑے حالات نہیں جن سے پاکستان ماضی قریب سے گزرا ہے۔کامیابی کی جانب سفر جاری رکھنے کیلئے ہمیں صبر، عزم اور اتحاد کی ضرورت ہے،آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گا اور خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔

تازہ ترین