• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیر دبئی شیخ محمدکے تینوں بیٹوں کی ایک ہی روز شادی، جشن کا سماں

کراچی(جنگ نیوز) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم، دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تینوں صاحبزادے ایک ہی روز شادی کے بندھن میں بندھ گئے،ان میں دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد ، دبئی کے نائب حکمران شیخ مکتوم بن محمد اورمحمد بن راشد المکتوم نالج فائوڈیشن کے چیئرمین شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم شامل ہیں،ان کے بیٹے ولی عہد شیخ حمدان کی شادی شیخہ شیخہ بنت سعید بن ثانی المکتوم ،دوسرے بیٹے شخ مکتوم بن محمد کی شادی شیخہ مریم بنت بتی المکتوم جب کہ تیسرے بیٹے شیخ احمد بن محمد کی شادی شیخہ مدیہ بنت دالموج المکتوم سے انجام پائی۔ تینوں بیٹوںکی شادی مشترکہ تقریب میں انجام پائی ،ا سی مناسبت سے یو اے ای میں اس وقت جشن کا سماں ہے ۔ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے صاحبزادوں کی شادی پر اپنی بے انتہا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام صفحے پر ایک نظم شائع کی ہے جو انہوں نے اپنے بیٹو ں کی شادی کے موقع پر لکھی جس کے پہلے مصرع میں شیخ محمد نے اس منظر کو اجاگر کیا کس طرح پورا متحدہ عرب امارات ان کے بیٹوں کی حیران کن شادی کی خبر پر خوش ہے۔اپنے بیٹوں کی تعریف میں لکھتے ہیں کہ کس طرح ان کی پرورش کی اور خیال رکھا، انہوں نے اپنے بیٹوں کو پہلی بات اپنے وطن اور قوم سے محبت سکھائی ۔انہوں نے مرحوم شیخ زید بن سلطان الہنیان کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی وراثت اور تاریخ نے تینوں شیخوںکو متاثر کیا اور آج وہ جن مقامات پر ہیں انہی کی بدولت ہیں،انہوں نے کہا ان کے بیٹے ان کا فخر ہیں اور وہ اپنے پدرانہ فرائض کو پورا کرتے ہوئے ان کی شادی میں مدد کررہے ہیں،انہوں نے نظم میں بیٹوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے آبائواجداد کے نقش قدم پر چلیں۔انہوں نے اپنے بیٹوں کو تاکید کی کہ زندگی بھر اپنی اہلیہ کا احترام ،دوسروں سے بہتر سلوک اور نیکی کا راستہ اختیار کریں۔انہوں نے نظم کا خاتمہ بیٹوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا کہ ہمیشہ اکھٹے رہیں،شہزادوں کی بہن شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد المکتوم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے تینوں بھائیوں کوان کی زندگی کے نئے سفر کی شروعات کی مبارکباد دی،تینوں شہزادوں کے نکاح کی تقریب اسلامی شریعت کے مطابق انجام پائی ۔
تازہ ترین