• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اناڑی کے ہاتھ میں اُسترا‘اب معیشت توکٹے گی‘احسن اقبال

کراچی(اسٹاف رپورٹر/این این آئی)مسلم لیگ(ن)کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ نفرت اور تکبر سے ملک نہیں چلتا ‘روپیہ کی قدر گرنے کی وجہ سے قرضہ ڈبل ہوگیا ہے۔اناڑی کے ہاتھ میں استرا دے دیا گیا ہے اب معیشت تو کٹے گی،پاکستان کاروپیہ فٹبال کی طرح ادھر سے ادھر لڑک رہا ہے‘عمران خان کی ساری باتیں صفر ہوچکیں‘ وزیراعظم نے ناک سے لکیریں کھینچ کر قرضے حاصل کئے ۔پاکستان کی ترقی کو پانامہ سازش کے ذریعے سبو تاژ کیا گیا۔ آئین کی بالادستی کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ پارلیمنٹ کو غیر موثر کیا تو سڑکوں پر مقابلہ کریں گے۔ہم نے حکومت کو موقعہ دیا ہے کہ شہادت کا رتبہ نہ پائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار مزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ساری ترقی ن لیگ کے دور میں ہوئی۔ عمران خان کی ساری باتیں اب صفر ہوچکی ہیں۔ملک میں عمران خان کے ہوتے یکجہتی نہیں آسکتی اور نہ ہی عمران خان اس ملک کے شہنشاہ بن سکتے ہیں۔پاکستان کمزور معیشت کے طور پر ابھر رہا ہے کوئی بھی سرمایہ کار ایک روپیہ لانے کے لئے تیار نہیں ہے ۔عمران خان کو ہمارے پیپلز پارٹی کے ساتھ چلنے پراعتراض کیوں؟ ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے وزراء ادھار لیے ہیں۔ حکومت میں زرداری گیلانی اور مشرف کی کابینہ بیٹھی ہے۔ حکومت میں پی ٹی آئی نظر نہیں آتی ہے۔عوام فیصلہ کریں کہ پرانا پاکستان بہتر تھا یا نیا پاکستان بہتر ہے۔ کسان ہو یا بزنس مین ہر فرد اناڑی سے پریشان ہے ۔

تازہ ترین