• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6ماہ میں ایک کروڑتنخواہ لینےوالےافسرشہرکی صفائی میں ناکام

ملتان (سٹاف رپورٹر) ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افسروں نے ناقص کارکردگی چھپانے کیلئے وفاقی وزرا اور چیئرمین ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و ڈی سی عبدالعامر خٹک کو سابق افسروں کے خلاف کرپشن میں الجھانا شروع کردیا ۔ ڈی سی ملتان نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایڈمن منیجر، فنانس منیجر، آپریشن منیجر ، منیجر آئی ٹی ، منیجر پروکیورمنٹ سمیت دیگر افسروں کو کاغذی کارروائی کے بجائے کارکردگی بڑھانے کا ہدف دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2018میں نئےافسروں کو تعینات کیا گیا تھا۔6 ماہ کے دوران ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم افسروں کو تنخواہ کے نام پر دی جا چکی ہے لیکن ملتان شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال افسروں کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں نئےافسروں کے ساڑھے تین ارب روپے کے آڈٹ پیرے بطور کرپشن کے ثبوت پیش کئے ہیں ۔سابق افسروں کے مطابق پانچ سال میں تین ارب روپے سے زائد کی تنخواہیں ملازمین کو دی جا چکی ہیں ۔پانچ سال میں پچاس کروڑ روپے کا فیول، بجلی کا بل، کرائے ، گاڑیوں کے مینٹس اور کمپنی ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوئے ہیں۔ نئے افسروں نے ناقص کارکردگی چھپانے کیلئے ملبہ سابق ملازمین پر ڈالنا شروع کردیا ہے ۔ ڈی سی ملتان عبدالعامر خٹک نے نئے افسروں کی حکمت عملی بھانپ لی ہےاور ہدایت کی ہے کہ کرپشن کے خلاف کارروائی بھی کی جائے اور نئےافسر کارکردگی بھی بڑھائیں ورنہ ان کے کنٹریکٹ منسوخ کردیئے جائیں گے۔
تازہ ترین