• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد (این این آئی)کویتی کمپنی پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کیلئے 98 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی جبکہ کیکڑا ون میں تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرنے والی اطالوی کمپنی ای این آئی کے سی ای او آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرینگے۔بدھ کو پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق کویتی کمپنی کی ذیلی کمپنی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تیل و گیس تلاش کریگی‘ دونوں ممالک کے درمیان تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لائسنس اجراء معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے ہیں ۔ دستخط کی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان بھی موجود تھے۔وزیر پیٹرولیم نے پٹرولیم کنسیشن (پی سی) ڈائریکٹوریٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سالوں تک یہ محنت ضرور رنگ لائے گی اور ملک کو اضافی ہائیڈروکاربن مہیا ہوں گے‘عمر ایوب نے واضح کیا کہ اس معاہدے کو عملی جامہ پہنانے سے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا‘اس کے علاوہ یہ معاہدہ توانائی کی طلب و رسد میں موجود فرق کو بھی ختم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ مکھڑ بلاک پنجاب اور کے پی کے مختلف اضلاع پر محیط ہے ،ان اضلاع میں اٹک، میانوالی ‘چکوال اور کوہاٹ شامل ہیں،اس بلاک کا مکمل رقبہ1562.92 مربع کلومیٹر ہے،کوفپیک نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ مکھڑ بلاک میں پہلے تین سال کے دوران 980 ورک یونٹ حاصل کرے گی.اس کام کے پروگرام کی ترتیب 600 کلومیٹر 2ڈی 3 ڈی سیزمک ڈیٹا کے حصول سے کیا جائیگا۔

تازہ ترین