• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


نامور اداکار و کامیڈی کنگ عمر شریف نے کہا ہے کہ کراچی نے مجھےبہت عزت سے نوازا ہے ، عرصہ دراز بعد کراچی کے شہریوں کی خواہش پر عید الفطر پر اسٹیج ڈرامہ ’واہ واہ عمر شریف ‘ میں پرفارم کر رہا ہوں ۔

آرٹس کونسل کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس کے موقع پر عمر شریف نے بتایا کہ تمام فنکاروں اور پوری ٹیم کے تعاون سے ایک اچھا ڈرامہ شائقین اسٹیج کو دیکھنے کا موقع فراہم کریں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام ہر عید پر مجھے اسٹیج پر دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے تھے ان کی خواہش پر اللہ پھر موقع فراہم کررہا ہے کہ عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرسکوں ۔

صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ عمرشریف کے شایان شان ٹریبیوٹ پروگرام کا انعقاد کریں گے، ڈرامہ کے ہدایتکار فرقان حیدر نے کہا کہ عمر شریف کو اسٹیج اور شائقین اسٹیج کی خواہش پر ڈرامہ کرنے کے لئے راضی کیا ہے۔

پروڈیوسر و اداکارہ روفی انعم نے کہا کہ عمر شریف کو لوگ اسٹیج ہر کام کرتا دیکھنا چاہتے ہیں اس مقصد کےلئے عمرشریف اور دیگر فنکاروں کا گلدستہ ڈرامہ ’واہ واہ عمر شریف‘ میں سجائیں گے۔

رؤف لالہ نے کہا کہ عمر شریف ہمارے استاد ہیں ان کے ڈرامے میں کام کرنے سے اور حوصلہ ملے گا۔

اس موقع پر شہزاد رضا، بابر عباسی ، زریں غزل، سلومی، کاشف خان ، عرفان ملک، علی حسن، سلیم آفریدی، نذر حسین ، زیبا شہناز، ذیشان خان نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین