• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’عمران خان منصب کا غلط استعمال کر رہے ہیں‘‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کہتے ہیں کہ عمران خان وزیر اعظم کے منصب کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

ایک بیان میں وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کے شوکت خانم ٹرسٹ سے مالی مفادات وابستہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اقرار کیا کہ ماضی کے مقابلے میں زیادہ چندہ ملا ہے، شوکت خانم ٹرسٹ کے چندے میں خورد برد کے قصے عام ہیں۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا اپنے ادارے شوکت خانم ٹرسٹ کے لیے چندہ مانگنا ان کے منصب کا ناجائز استعمال ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دورۂ کراچی کے موقع پر وزیرا عظم عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے لیے فنڈز جمع کرنے کی تقریب سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ اسپتال کے لیے ہر سال پچھلے سال سے زیادہ فنڈز جمع ہوئے۔

وزیر اعظم نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ مشکل حالات کے باوجود لوگ شوکت خانم میموریل اسپتال کو پہلے سے زیادہ عطیات دے رہے ہیں کیونکہ اس اسپتال میں 75 فیصد مریضوں کا عالمی معیار کے مطابق مفت علاج کیا جاتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کے شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ کی تقریب میں شریک ہونے پر پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

تازہ ترین