وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دلچسپی پر ملائیشیا میں رہائی کےبعد پھنسے سینکڑوں قیدیوں کو پاکستان لایا جائے گا۔
ذرائع کےمطابق 320 قیدیوں کی واپسی کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی جہاز ملائیشیا بھیجا ہے، ملائیشیا سے براہ راست پرواز نہ ہونے کے باعث قیدی ملک واپس نہیں آپا رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ قیدیوں کی واپسی پر اٹھنے والے 5 کروڑروپے کے اخراجات حکومت ادا کرے گی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پارپاکستانی زلفی بخاری نے وزیر اعظم عمران خان سے قیدیوں کا مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی تھی۔
کمیونٹی ویلفیئر آفیسر پاکستانی ہائی کمیشن التمش جنجوعہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ قیدیوں کو کسی ملک سے لینے کےلیے جہاز بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملائیشیا سے قیدیوں کو لانے کے لیے پرواز رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔