ایسے وقت میں جب کہ سینئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق کو تبدیل کرنے کی خبریں میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔ پی سی بی نے سلیم جعفر کو نیا جونیئر چیف سلیکٹر مقرر کردیا ہے۔
سلیم جعفر اس سے قبل سنیئر سلیکشن کمیٹی میں رہ چکے ہیں جبکہ دیگر سلیکٹر ز کا یہ پہلا اسائنمنٹ ہے۔ ان کی منتخب کی ہوئی ٹیم نے2007 میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل کھیلا اور 2008 میں ایشیا کپ ٹائٹل جیتا تھا۔
پی سی بی نے بدھ کو اعلان کیا کہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر سلیم جعفر کے علاوہ جونیئر سلیکشن کمیٹی میں دور جدید کے تین کھلاڑی ارشد خان، راؤ افتخار احمد اور توفیق عمر شامل ہیں۔
کوئٹہ کی جانب سے 27 فرسٹ کلاس میچ کھیلنے والے ثناء اللہ بلوچ کو بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نیا سلیکشن پینل یکم جولائی سے چارج سنبھالے گا، اسے انڈر13، انڈر16 اور انڈر19 ٹیموں کی سلیکشن کی ذمے داری دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نےسلیم جعفر کی سربراہی میں نئی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی باسط علی کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کی جگہ لے گی۔
جنگ نے منگل کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کی خبر بریک کی تھی۔
سلیکشن کمیٹی کا پہلا اسائنمنٹ ستمبر میں سری لنکا میں ایشیا کپ یوتھ کے لئے سلیکشن ہے۔ باسط علی کی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی میعاد مئی میں ختم ہوئی تھی۔
نئی سلیکشن کمیٹی کی اوسط عمر 44 سال ہے۔ اس سلیکشن کمیٹی نے 68 ٹیسٹ،181ون ڈے انٹر نیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔
پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے نئی سلیکشن کمیٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹر مستقبل کے اسٹارز کی تلاش میں کوششیں جاری رکھیں گے، یہ معتبر اسائمنٹ ہے۔
سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ جونیئر چیف سلیکٹر کا عہدہ میرے لئے اعزاز ہے اور کوشش کروں گا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے بہتر ین ٹیم منتخب کروں۔
سلیم جعفر اس سے قبل سینئر سلیکشن کمیٹی میں رہ چکے ہیں جبکہ دیگر سلیکٹر ز کا یہ پہلا اسائنمنٹ ہے۔