• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’اوگرا نے پٹرولیم قیمتوں کی کوئی سمری تیار نہیں کی‘‘

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ ردوبدل کے معاملے پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اوگرا نے ابھی تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری تیار نہیں کی۔

ترجمان اوگرا کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق چلنےوالی خبریں اندازوں پر مبنی ہیں۔

واضح رہے کہ مہینے کے اختتام پر انڈسٹری ذرائع کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کہ یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔

اس اضافے کی وجہ روپے کی قیمت میں مسلسل کمی بتائی گئی تھی۔

انڈسٹری ذرائع کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر کم ہونے سے تیل کی درآمد مہنگی ہو رہی ہے اور رواں مہینے روپے کی قدر میں کمی کا اثر اگلے ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت پر دیکھا جا سکتا ہے۔

ذرائع نے یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں 2، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7روپے فی لیٹر تک اضافےکا امکان ظاہر کیا تھا۔

ادھر حکومت نے تیل و گیس کی تلاش، دریافت اور پیداوار میں اضافے کے لیے نئی پٹرولیم پالیسی کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق نئی پٹرولیم پالیسی کا اعلان آئندہ چند ماہ میں کیا جائے گا۔

حکومت رواں سال دسمبر میں 40 نئے کنوؤں کی نیلامی کا آغاز کر رہی ہے، جس سے تیل اور گیس کے شعبے میں سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اس کے علاوہ نئے بلاکس بھی نیلامی کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔

حکومت نے اس مقصد کے لئے تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو بھرپور مراعات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے تیل اور گیس کے برآمدی بل میں کمی آئے گی۔

تازہ ترین