• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے رافیل طیارے گرا کر دنیا کو حیران کردیا ہے، افضل خان

ممبر برٹش پارلیمنٹ افضل خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے رافیل طیارے گرا کر دنیا کو حیران کردیا ہے، فوج پاکستان کے دفاع کے لیے بہت اہم ہے ورنہ دو دن پہلے یہ کہنے والے کہ ہمارا جنگ سے تعلق نہیں وہ کبھی جنگ بندی نہ کراتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مانچسٹر میں اوورسیز پاکستانیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افواج پاکستان کا ملک کے دفاع، بھارت کے خلاف جوابی کارروائی اور جنگ بندی کی خوشی میں بری (Bury) مانچسٹر میں ’جشن فتح‘ منایا گیا، اس تقریب کا اہتمام معروف بزنس مین ایزی ای منی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر لیاقت اور عرفان ملک نے کیا۔

جشن فتح کی تقریب کے اہم شرکا میں پاکستان قونصلیٹ مانچسٹر کے قونصل جنرل طارق وزیر خان، ممبر پارلیمنٹ افضل خان، یاسمین ڈار، شاہینہ ہارون، ثمینہ خان، مسرت چودھری، مقبول ملک، رانا ضیا ایڈووکیٹ سمیت دیگر شامل تھے۔

قونصلیٹ جنرل مانچسٹر طارق وزیر نے کہا کہ تارکین پاکستان امن پسند ہیں حالیہ کشیدگی میں ہر پاکستانی نے موثر کردار ادا کیا۔ برطانیہ میں رہنے والا ہر پاکستانی ہمارا فوجی اور سفیر ہے۔ ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر لیاقت نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو مبارک باد ہو کہ افواج پاکستان نے دشمن کو شکست دی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارک ہو کہ انہوں نے بہت جرات کا مظاہرہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ تمام بھارتی فنکاروں کی ویڈیو ختم کردیں گے، ہم بھارت کی فلمیں نہیں دیکھیں گے، ان کے گانے نہیں سنیں گے، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر میں استصواب رائے ہونا چاہئے۔

مخدوم طارق نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو فتح مبارک ہو، ہمیں فوج پر فخر ہے، عرفان ملک نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی سب سے مضبوط فوج ہے۔

ممبر پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ جنگ بندی بڑی کامیابی ہے، بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی قوت ہیں اور دونوں ملکوں میں جنگ پورے جنوبی ایشیا کے لئے خطرہ ہے، بھارت اور پاکستان دونوں کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے رافیل طیارے گرا کر دنیا کو حیران کردیا ہے، فوج پاکستان کے دفاع کے لئے بہت اہم ہے ورنہ دو دن پہلے یہ کہنے والے کہ ہمارا جنگ سے تعلق نہیں وہ کبھی جنگ بندی نہ کراتے۔

چئیرمین اوورسیز پاکستانی سید قمر رضا نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر جو جنگ مسلط کی گئی فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔ پاکستان امن چاہتا ہے، آئندہ پاکستان کی معاشی ترقی کا سفر شروع ہوگا۔

سنئیر صحافی طاہر چودھری نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو مکمل فتح مبارک ہو، پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے موجودہ بحران میں سفارتکاری کا مثالی مظاہرہ کیا، بھارت کو میڈیا کے میدان شکست ہوئی، ہماری بہادر افواج نے موجودہ چیلنج میں بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید