بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں،حریف ٹیموں کےکھلاڑی ان کی طرح رنز بنانے کے لئے کوشاں رہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کوہلی کا بلّا ہمیں مل جائے تو شاید ہم بھی اچھا اسکور کر سکیں۔
ویرات کوہلی سخی دل بھی مشہور ہیں اور اپنے استعمال کیے ہوئے بلے اپنے بڑےسے بڑے حریفوں کو دے دیتے ہیں۔
بھارتی کپتان نے2016 ء میں ورلڈ ٹی 20 کے دوران پاکستانی کھلاڑی محمدعامر کو بھی اپنا بلا دے کرسبھی کو حیران کر دیا تھا۔
اب افغانستان کےکھلاڑی راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے پاس ویرات کوہلی کا شاندار جادو ئی صلاحیتوں والا بلا موجود تھا جو اب ’چوری‘ ہو چکا ہے۔
راشد خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئےبتایاکہ دنیا کے بہترین بلے بازوں کے بلے اپنے پاس جمع کرنے کا انہیں شوق ہے۔
راشد خان کا کہنا ہے کہ میرے پاس جن بہترین بیٹسمینوں کے بلے موجود ہیں ان میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور بھارتی کھلاڑی کےایل راہول شامل ہیں۔
راشد خان کا کہنا ہےکہ ان سب کے بلے مجھے ورلڈکپ میں اچھا رن اسکور بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔
راشد خان نے کوہلی کے بلّے سے متعلق ایک دلچسپ کہانی سناتے ہوئے کہاکہ میں اس بلے کے ساتھ آئر لینڈ کے خلاف کھیل رہا تھا، میں نے چوکا مارنے کی غرض سے گیند کو ہٹ ماری تو چھکا لگ گیا جو میرے لئے نہایت حیران کن تھا ، میرے خیال میں وہ سب بلے کا کمال تھا، مجھے وہ بلا بہت اچھا لگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میچ کے بعد سابق کپتان اور کھلاڑی اصغر افغان میرے پاس آئےاور مجھے کہا کہ یہ بلا مجھے دو، اورمیرے منہ سے فوراً نکلا اوہ نہیں! تاہم اُنہوں نے وہ بلا میرے بیگ سے نکال کر اپنے بیگ میں ڈال لیا ۔