لندن ( نیوز ڈیسک ) ملکہ برطانیہ نے 1945 کے بعد سے لنڈن جانسن کے سوا دورہ برطانیہ پر آنے والے تمام امریکی صدور سے ملاقات کی جس کے دوران انہیں رسمی ڈنرز دیئے گئے، رقص کیا اورہارس رائیڈنگ کرائی گئی۔ انڈی پینڈنٹ کے مطابق اب ملکہ کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تیاری کر لی گئی ہے جو کہ امریکی صدر کے جمعہ 13جولائی سے دورہ برطانیہ کے موقع پر ہوگی۔ممکنہ طور پر ملکہ کی جانب سے امریکی صدر کو عشائیہ ونڈسر کیسل پر دیا جائے گا جوکہ اس دن عام پبلک کے لئے بند کر دیا جائے گا۔ ماضی قریب میں انہوں نے بارک اوبامہ اور خاتون اول لیڈی مچل سے لنچ کیلئے ونڈسر کیسل پر 22اپریل 2016کو ملاقات کی تھی۔ اس ٹرپ کے دوران اوبامہ نے کینسنگٹن پیلس پر ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج سے بھی ملاقات کی ۔ قبل ازیں ملکہ نے صدر اوبامہ سے لندن میں 25مئی 2011 کوبلیک ٹائی ڈنر کے لئے ونفیلڈ ہائوس پر ملاقات کی ۔ جارج ڈبلیو بش اور ان کی اہلیہ لارا 19 نومبر 2003 کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ابتدائی دنوں میں بکنگھم پیلس پر شاہی مہمان تھے جہاں ملکہ اور وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے ان سے مصافحہ کیا جبکہ انہیں 41توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔مسٹر ٹرمپ اور اوبامہ کی طرح مسٹر بش ونڈسر کیسل پر ملکہ کی میزبانی سے لطف اندوز ہوئے جہاں انہوں نے اپنے دور اقتدار کے آخری ایام میں 15 جون 2008 کو سینٹ جارج کے ہال پرملکہ کے ہمراہ چائے پی۔