معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
کابینہ اجلاس پر میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو سپریم جوڈیشل میں بھیجے گئے ریفرنس سے آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، 2 معزز ججوں کے بارے میں شکایات تصدیق کرکے سپریم جوڈیشل کونسل کے حوالے کردی گئی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے استفسار کیا کہ عدلیہ کے بارے میں شکایت کو عدلیہ ہی دیکھ رہی ہے تو یہ عدلیہ پر حملہ کیسے ہوا؟
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک رائے زنی نہ کرے۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان قوم کے نجات دہندہ کے طور پر ووٹ لے کر اقتدار میں آئے ہیں، وہ اسٹیٹس کو کا حصہ نہیں بنیں گے۔