• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم نے قوم کو عید سے پہلے عید کا تحفہ دیا ہے، سرفراز احمد

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کےخلاف جیت کا کریڈٹ کسی ایک کو نہیں پوری ٹیم کو جاتاہے اور ٹیم نے قوم کو عید سے قبل عید کا تحفہ دیا ہے،ٹورنامنٹ میں مزید بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

میچ کے بعد بات چیت کر تے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اچھی اوپننگ شراکت نے ہماری جیت کی بنیاد رکھی۔اس کے بعد محمد حفیظ ،بابر اعظم اور بولروں نے ہمیں جیت پر گامزن کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی اچھی کارکردگی میں فیلڈنگ کا کردار اہم ہوتا ہے ،انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں ہم نے خراب فیلڈنگ کی تھی اللہ کا شکر ہے کہ گیارہ مسلسل میچ ہارنے کے بعد ہم نے اچھی کارکردگی دکھائی اور اسی جذبے کو ٹورنامنٹ میں قائم رکھنا چاہتے ہیں۔

انگلینڈٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ پاکستان بہت اچھا کھیلا لیکن ہم اس میچ کی اچھی اور مثبت چیزوں کے ساتھ بنگلہ دیش کے میچ میں جائیں گے۔

مین آف دی میچ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک جیت کی ضرورت تھی ہم انگلینڈ آئے تھے تو اچھا کھیلنے کے باوجود ہار رہے تھے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ کل ہم نے پریکٹس کے بعد میٹنگ کی اور سب کو یہی بتا یا گیا کہ ہم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتےہیں،ہم جو نتائج دے رہے تھے ہماری ٹیم اس سے کہیں بہتر تھی۔

تازہ ترین