وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم صفدر والد کو ملک اور قوم پر ترجیح نہ دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئین اور قانون نے سزا دی ہے تو اسے تسلیم بھی کریں، آئین اور قانون کو اپنے تابع کرنے والوں کو پہلی دفعہ قانون کے تابع ہونا ناگوار گزر رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر بیان میں انہوں نے کہا کہ پاناما میں پوری قوم کے سامنے انکشافات ہوئے، مریم صاحبہ اور ان کے والد گرامی اور بھائیوں کے تضادات پر مبنی انٹرویوز ہم نے نہیں چلوائے تھے؟
فردوس عاشق نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف صاحب قانون آپ کی آمد کا منتظر ہے، امید ہے آپ اپنے بیٹے اور داماد کو بھی ساتھ لائیں گے، ٹیلیگرافک ٹرانسفرز اور پاپڑ والے کے اکاؤنٹس بھرنے کا جواب نہیں آیا؟