پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف آل رائونڈر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں ٹیم نے مثبت کرکٹ کھیلی،مجھے کہا گیا تھا کہ رنز کی فکر نہ کریں، وکٹ لیں۔
برسٹل میں جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کے دوران انگلینڈ کے خلاف میچ میں فتح کے لیے اہم کردار ادا کرنے والے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ کبھی کنارے لگ کر بھی رنز بن جاتے ہیں، یہ تو گیم کا حصہ ہے۔
سب نے پلان پر ٹھیک طرح عملدرآمد کیا جس کی وجہ سے کامیابی ملی۔وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس نے کافی حوصلہ افزائی کی تھی، جس کے باعث ہمیں ذہنی برتری ملی۔
ورلڈ کپ جیتنا تو ہر کسی کا ہی خواب ہے، تاہم ابھی ٹیم میچ بائی میچ جارہی ہے۔پہلے یہ نو میچز اچھے انداز میں کھیلناہے، پھر اگلے دو میچز اچھے کھیل کر ٹائٹل جتنے کی کوشش کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ٹیم کو قوم کی سپورٹ اور دعاوں کی ضرورت ہے، جب بھی گراونڈ میں اترتے ہیں ، جتنے کیلئے اترتے ہیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ دو سال بعد جب انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی تو یوں لگ رہا تھا کہ جیسے ایکبار پھر ڈیبیو ہورہا ہے ، میچ سے قبل وسیم اکرم اور وقار یونس سے بات ہوئی اور دونوں نے ان کے کافی حوصلے بڑھائے۔
وہاب ریاض کے مطابق، وقار یونس نے ان سے کہا تھا کہ جاکر بلاخوف کرکٹ کھیلیں اور اپنا سو فیصد دیں۔ایک سوال پر تینتیس سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ وہ کافی بہتر محسوس کررہے ہیں اور ورلڈ کپ میں اچھے رزلٹ دینے کیلئے پر امید ہیں۔
وہاب کہتے ہیں کہ اس میچ میں انہوں نے خراب بولنگ نہیں کی،کچھ رنز تو کنارے لگ کر بن گئے تھے، جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ٹیم میں نہ ہوتے تو کیا کررہے ہوتے تو وہاب نے مسکرا کر کہا، ٹی وی پر بیٹھ کر میچ دیکھتا اور ٹیم کیلئے دعا کرتا ۔