پاکستان کے سابق کپتان اور عہدساز فاسٹ بولر و آل رائونڈر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کو سری لنکا کے خلاف وننگ کامبی نیشن تبدیل نہیں کرنا چاہئے ، بیٹنگ کے لحاظ سے سب ٹھیک ہے۔
برسٹل میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ بولنگ میں بھی عامر ، وہاب اور شاداب نے بریک تھرو دلائے ہیں، یہ کامبی نیشن ٹھیک لگ رہا ہے۔
ہر گیم اہم ہے، سری لنکا ایک اچھا میچ جیت کر آیا ہے، اسکو آسان نہیں لیا جاسکتا۔سری لنکن ٹیم میں بھی میچ وننگ پلیئرز موجود ہیں،ہمیشہ کہتا ہوں کہ پاکستان ٹیم سنبھل کر جارح مزاجی کا مظاہرہ کرے۔
امید ہے انگلینڈ کی ٹیم کو جس طرح ہرایا اس سے حوصلے بلند ہوں گے،اور سری لنکا کے خلاف بھی ایسی ہی پرفارمنس پیش کی جائے گی۔
سابق کپتان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم بیٹنگ میں پریشان ہے،اچھی بات ہے کہ ہر گراونڈ اور ہر میچ پر الگ طرح کی وکٹیں مل رہی ہیں،اپنی اسٹرینتھ کے مطابق کھیلیں، انھوں نے کہا کہ اگر وکٹ میں کریکس ہیں تو ٹرن ضرور ملے گا۔