• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد پولیو ویکسین اسلامی ممالک سمیت تمام دنیا میں بچوں کو پلائی جاتی ہے‘ سی ای او ہیلتھ

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) پاکستان بھر میں بچوں کو پلائی جانیوالی انسداد پولیو ویکسین میں بے ضرر پولیو وائرس، میگنیشیم کلورائیڈ سالٹ اور اسے بیکٹیریا سے محفوظ رکھنے کیلئے ضروری اجزاء موجود ہیں۔ پولیو ویکسین کسی بھی عمر میں انسان کے تولیدی نظام پر اثر انداز نہیں ہوتی۔ یہی ویکسین تمام اسلامی ممالک سمیت دنیا بھر میں بچوں کو پلائی جاتی ہے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت راولپنڈی ڈاکٹر محمد راشد خان نے پولیو آگاہی مہم کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی- انہوں نے کہا کہ حج اور عمرہ کیلئے سعودی عرب پہنچتے ہی سب کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جاتے ہیں۔ ویکسین کے اجزاء میں کوئی حرام مادہ شامل نہیں اور نہ ہی بچے کی تولیدی صحت کے حوالے سے کوئی مضر اثرات رکھتی ہے۔ ڈاکٹر محمد راشد خان نے کہا کہ پولیو سے بچائو کی ویکسین واقعی محفوظ ہے اور ویکسین کے بغیر پولیو کی بیماری خدانخواستہ بچوں کو زندگی بھر کیلئے معذور کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استعمال ہونیوالی انسداد پولیو ویکسین پوری دنیا میں استعمال ہوتی ہے اور مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ویکسین سے انسانی جسم میں پولیو کیخلاف مضبوط اینٹی باڈی پیدا ہوتے ہیں اور اس میں کوئی ایک جزو بھی مضر صحت نہیں ہے۔
تازہ ترین