• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام دوست بجٹ میں مزید ایک سے دو سال لگیں گے ،عثمان ڈار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ نون کے رہنما مصدق ملک نے جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہے اس سے غریبوں کی زندگی متاثر ہونی ہے لیکن بدقسمتی سے گفتگو یہ ہو رہی ہے کہ ہم نے کس کو پکڑا غریب آدمی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی ،رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار نے کہا کہ عوام دوست بجٹ ایک سے دو سال میں آئے گا ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہمیں وقت درکار ہے۔ رہنما پیپلزپارٹی شہلا رضا نے کہا کہ صرف ایک شعبہ میں ترقی ہوئی ہے کہ گدھے 52 سے 53 لاکھ ہوگئے پشاور اور کراچی کے تاجروں نے ان کا بجٹ نامنظور کر دیا ہے۔میزبان منیب فاروق نے کہا کہ تحریک انصاف کا یہ پہلا بجٹ ہے دیکھنا ہو گا کہ عام آدمی کی زندگی اس بجٹ سے بہتر ہوگی یا کوئی فرق نہیں پڑتا۔شہلا رضا نے مزید کہا کہ نون لیگ کی حکومت نے پانچ سال میں دس اشاریہ سات ٹریلین قرض لیا تھا اور تحریک انصاف کی حکومت نے ان نو ماہ میں چھ ٹریلین قرض لے لیا ہے اور آئی ایم ایف کا الگ ہے اور کہنا یہ ہے کہ کوئی پوچھے تو کہنا ”خان آیا تھا“اس دفعہ ٹیکسز اپنے اہداف پورے ہی نہ کرسکے جب کہ کہا جاتا تھا عوام ٹیکس نہ دے تو سمجھو قیادت ایماندار نہیں ہے ۔عثمان ڈار نے مزید کہا کہ جب آپ کے تیس ہزار ارب کی وجہ سے دو ہزار ارب سالانہ ہم سود ادا کریں گے آمدنی نہیں ہے اس کے ذمہ دار آپ لوگ ہیں۔ ہائر کلاس پر زیادہ ٹیکس لگایا گیا ہے کم آمدنی والوں پر اتنا بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ این ایف سی ایوارڈ کی جو بات کی جارہی ہے پیسے انہیں مل جائیں گی بس ان سے درخواست ہے کہ وہ پیسے کسی فالودے والے کے اکاؤنٹ میں مت ڈالیے گا۔مصدق ملک نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ اگر کوئی حکومت کو ٹیکس نہ دے تو سمجھ لیں حکومت چور ہے پچھلے پورے سال میں عمران خان کو ٹیکس کیوں نہیں دیا گیاپھر ایمنسٹی کا بیان بھی سب کے سامنے ہے مچھلی ، بیف، چکن ، مٹن سب پر ٹیکس لگا دیا اس کے علاوہ دودھ، چینی ملائی پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا کوکنگ آئل پر ٹیکس لگا دیا گیا ۔ ایک لاکھ کمانے والے پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ یہ ایسٹ انڈیا کمپنی ہے یہاں پر غدر مچے گا جس طرح بنگال میں مچا تھا ۔انہوں نے پانچ ہزار صحافی نکلوا دیئے بڑے بڑے جو بہترین اینکرز تھے ان کی نشاندہی کر کے میڈیا سے نکلوایا انہوں نے میڈیا کا جنازہ نکالا سیاسی جماعتوں کا جنازہ نکالا نیب نے تھوڑی سی بے رخی دکھائی ان کی ویڈیو بنا لی اسپتالوں کو اتنا بجٹ نہیں دیا جارہا ہے کہ وہ معاملات دیکھ سکیں۔

تازہ ترین