• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع کونسل کی یونین کونسلوں کو اربن قرار دینے اور پراپرٹی ٹیکس وصولی کا نوٹیفکیشن یوسی 79کی حد تک معطل

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس امین الدین خان نے ضلع کونسل کی یونین کونسلوں کو اربن قرار دینے اور پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کا نوٹیفکیشن و حکم یونین کونسل79کی حد تک معطل کردیا اور نوٹس جار ی کرتے ہوئے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے جواب طلب کرلیا ۔ یونین کونسل79کے سابق چیئر مین محمد تاج عباسی اور رہائشیوں نے رٹ میں دیہی یونین کونسلوں کو اربن قراردے کر پراپرٹی ٹیکس وصولی کو چیلنج کیا تھا اورموقف اختیارکیا تھا کہ 23مئی2014کا نوٹیفکیشن لوکل گورنمنٹ آرڈیننس2001کے تحت جار ی کرکے یونین کونسلوں کی حیثیت تبدیل کی گئی تھی بعد ازاں2013میں نیا نظام آگیالیکن اسی نوٹیفکیشن کی بنیاد پر محکمہ ایکسائز نے20اپریل 2019کو پراپرٹی ٹیکس جمع کرانے کا حکم جار ی کیاجو غیر قانونی و غیر آئینی ہے۔دوران سماعت عدالت عالیہ کی اجازت سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل شمس تبریز پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ درخواست گزا ر کے علاقے رہائشی ہیں لیکن یہ قانون کےتحت اربن علاقےہیں یا نہیں وقت دیا جائے تا کہ متعلقہ حکام سے ہدایات لے کر عدالت کی معاونت کرسکوں جس پر عدالت عالیہ نے آئندہ تاریخ سماعت تک رپورٹ اور پیراوائز کمنٹس بھی جمع کرانےکی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اور یونین کونسل79کی حد تک عملدرآمد روک دیا۔
تازہ ترین