• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈالر ریکارڈ بلند سطح پر 157.5 کا، بجلی بھی 1.49 روپے مہنگی، سونا فی تولہ 75 ہزار 900 روپے ہوگیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر،خبر ایجنسی ) انٹربینک میں ڈالر ریکارڈ بلند ترین سطح پر157اعشاریہ 50کاہوگیا، بجلی ایک اعشاریہ 49روپے مہنگی، سونا فی تولہ75 ہزار 900روپے ہوگیا،حکومت نے آئی ایم ایف سے بجلی کے نرخ مزید2روپے 60پیسے فی یونٹ تک بڑھنے کی حامی بھرلی، اضافہ دو قسطوں میں ہوگا ۔ تفصیلات کےمطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 4روپے سے زائد کے اضافے کے بعد 157روپے 50پیسے تک پہنچ گیا جبکہ انٹربینک میں بھی ڈالر1.84روپے بڑھتا ہوا 156روپے تک آگیا،فاریکس ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے بعد سے در آمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی خریداری کا زبردست دبائو ہے اور اسی وجہ سے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان ہے ، گزشتہ روز سعودی ریال کی قدر 1روپے اضافے سے 40.50سے بڑھ کر41.50 روپے، یورو کی قدر 2.30روپے اضافے سے 173.20سے بڑھ کر175.50روپے،برطانوی پائونڈ کی قدر 2.50روپے اضافے سے 194.50سے بڑھ کر197روپے کی سطح تک جا پہنچی۔ دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت2700 روپے کے نمایاں اضافے سے75900 روپے پر پہنچ گئی۔ادھر نیپرا نے بجلی فی یونٹ ایک روپے 49پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے،بجلی مہنگی کرنے کی منظوری گھریلو، کمرشل،صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے کی گئی،ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے بجلی کے نرخ بڑھانے کی حامی بھرلی ہے جس کے تحت بجلی کے نرخ 2 روپے 60 پیسے فی یونٹ تک بڑھنے کا امکان ہے، بجلی کے نرخ 2 قسطوں میں بڑھائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں نرخ یکم جولائی سے ایک روپے 30 پیسے بڑھنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین