قومی احتساب بیورو (نیب ) کی جانب سے گزشتہ روز گرفتار کیے جانے والے وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے استعفیٰ دے دیا۔
احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر سبطین خان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
نیب نے وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان کو جسمانی ریمانڈ کی استدعا کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، اس موقع سبطین خان نے اپنے استعفے پر دستخط کر دیئے۔
دستخط کے بعد سبطین خان نے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور پارٹی قیادت کو ارسال کر دیا ہے۔
علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سبطین خان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کےحوالے کر دیا۔
احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو سبطین خان کو 25 جون کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کو دورانِ انکوائری کرپشن کے الزام میں گزشتہ روز نیب نے گرفتار کیا تھا۔
نیب حکام کے مطاب سبطین خان پر چنیوٹ میں اربوں روپے کےٹھیکوں میں من پسند کمپنی کو نوازنے کا الزام ہے۔