• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول مریم ملاقات، مل کر حکمت عملی بنانے پر اتفاق

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کے خلاف جدوجہد پر اتفاق اور میثاق جمہوریت کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کی دعوت پر ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اپنے وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے جہاں مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔

ملاقات میں دونوں کی جانب سے چند قریبی رفقاء بھی شریک ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور، حسن مرتضی، اور مصطفیٰ نواز کھوکھر موجود ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب سمیت رانا ثنا اللہ اور ایاز صادق، محمد زبیر اور پرویز رشید بھی موجود ہیں۔

ملاقات میں دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئین کی سربلندی اور جمہوریت ہی ملک کو آگے لےجاسکتی ہے۔

انہوں نے بجٹ منظور نہ ہونے اورمل کر حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں کا موجودہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔

اس سے قبل ن لیگ کے رہنما پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت دو لوگوں کے مل بیٹھنے پر بہت پریشان ہے ، جب یہ دونوں مل کر نکلیں گے تو حکومت کا کیا حال ہوگا ۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات کی دعوت دی تھی جسے بلاول نے قبول کیا تھا۔

تازہ ترین