• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت میچ سے لنکا شائر کو 2 ملین پونڈ کی آمدن متوقع

لندن (جنگ نیوز) پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ سے لنکا شائر کو 2 ملین پونڈ کی آمدنی کے امکانات ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق اس اہم اور بڑے میچ کیلئے سٹیڈیم میں 23500 نشستوں کیلئے ٹکٹوں کے سلسلے میں 400000 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، اس طرح ٹکٹس 20 گنا اوور سبسکرائبڈ تھے۔ اس میچ سے ریڈ روز کائونٹی کو خاصی رقم کمانے کا موقع ملا۔ کلب کو میچ کے انعقاد کی فیس بھی ملی اور اس کے ساتھ کلب کی ملکیت ہلٹن ہوٹل کے پچ فیسنگ 63کمروں سے بھی بھاری آمدنی ہوئی۔ میچ میں زبردست دلچسپی کی وجہ سے تمام کارپوریٹ ہاسپیٹیلٹی ایریاز اور تمام فٹبال گرائونڈ سوٹس بک ہو گئے تھے۔ دونوں ملکوں کے مابین زبردست کشیدہ صورت حال میں میچ کھیلا گیا۔ اس میچ میں پاکستان کی ٹیم کوئی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور یہ شرمناک ہے کہ وہ گزشتہ 10 برسوں میں 15میچزمیں 10 ویں بار شکست سے دوچار ہوئی ہے۔ 32 رنز پر فخر زمان نے بھارتی اوپنر روہت شرما کو رن آئوٹ کرنے کا موقع ضائع کیا، جنہوں نے سنچری بنائی اور بھارت کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 140 رنزکی اننگز کھیلی۔ پاکستان کے سپورٹرز کو یقین تھا کہ ان کی ٹیم یہ مجموعہ حاصل کر سکتی ہے۔ فخر زمان اور بابراعظم کی دوسری وکٹ کی سنچری پارٹنز شپ سے ایسی امید نظر آرہی تھی لیکن چار اوورز میں 12 رنز پر چار وکٹوں نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ 
تازہ ترین