• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ نے افغانستان کیلئے 398رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 24ویں میچ میں ایونٹ کی فیورٹ میزبان انگلینڈ نے افغانستان کو 398رنز کاہدف دیا ہے۔

مانچسٹر میں کھیلئے جارہے میچ میں انگلش کپتان ایون مارگن نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسکور بورڈ پر ورلڈ کپ 2019ء کا سب سے بڑا مجموعہ سجایا۔

انگلش بیٹسمینوں نے افغانستان کے خلاف جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور مجموعی طور پر 25 چھکے لگائے،سب سے زیادہ کپتان مورگن نے 17 چھکے لگائے اور ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

انگلینڈ نے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹ پر 397کا پہاڑ جیسا ہدف سیٹ کیا، ایون مورگن نے 71گیندوں پر 148،بیرسٹو نے90 اور جوروٹ نے 88رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آخر میں معین علی نے صرف 9گیندوں پر 31رنز بٹورے۔

انگلش کپتان نے اپنی اننگز کے دوران کئی ریکارڈ اپنے نام کئے، انہوں نے ایک روزہ کرکٹ کی ایک اننگز میں 17چھکے لگائے اور روہیت شرما کا 16 چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

وہ ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چھکےلگانے والے انگلش بیٹسمین بن گئے،انہوں نے 57 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی،جو رواں ورلڈ کپ کی تیز ترین جبکہ ورلڈ کپ تاریخ کی چوتھی تیز ترین سنچری ہے۔

انگلینڈ کی طرف سے جیمز ونس اور بیرسٹو نے اننگز اوپن کی، میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 44کے اسکور پر گری،ونس 26رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، ان کی وکٹ دولت ڈدران کے حصے میں آئی۔

دوسری وکٹ پر بیرسٹو نے جوروٹ کے ساتھ ملکر اسکور میں 120رنز کا اضافہ کیا،164 کے اسکور پر بیرسٹو 90رنز بناکر گل بدین کی پہلی وکٹ بن گئے،انہوں نے اپنی اننگز کے دوران8چوکے اور 3چھکے لگائے۔

انگلینڈ کی تیسری وکٹ 353کے اسکور پر جو روٹ کی گری وہ 88رنز بناکر گل بدین کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے،اپنی اننگز کے دوران جو روٹ نے 5چوکے اور 1چھکا لگایا۔

افغانستان کو چوتھی کامیابی انگلش کپتان مورگن کی وکٹ کی صورت میں ملی،359کے اسکور پر وہ 148رنز بناکر گل بدین کا تیسرا شکار بنے،انہوں نے اس دوران 17چھکے اور 4چوکے لگائے۔

کپتان کے آئوٹ ہونے کے بعدبلٹر2، اسٹوکس2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،انہیں دولت ڈدران نے آئوٹ کیا۔

افغانستان کی طرف سے گل بدین اوردولت ڈدران نے 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں ،افغان اسپنر راشد خان مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے،انہوں نے 9اوورز میں 110رنز دیے۔

دونوں ٹیموں نے ورلڈ کپ 2019ء میں 4،4 میچز کھیلے ہیں، افغانستان تاحال فتح کا مزہ نہیں چکھ سکا ہے جبکہ انگلینڈ،جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کے خلاف میچز میں کامیاب رہا اور اسے پاکستان کے خلاف واحد شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 افغان صدر اشرف غنی اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزیز اللہ فزلی بھی آج کے میچ کےلئے اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

تازہ ترین