• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کےزیر اہتمام مصر کے سابق صدر مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ

جماعت اسلامی کےزیر اہتمام منصورہ میں مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جماعت اسلامی کے تحت ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی جماعت کے ہیڈ کوارٹر منصورہ میں اخوان المسلمین کے رہنما اور مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مصر کے سابق صدر محمد مرسی گزشتہ روز انتقال کرگئے تھے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا بجٹ مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ بجٹ پاکستان کا نہیں بلکہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے جس میں اتنی مہنگائی کردی گئی ہے کہ غریبت عوام کے لئے سانس لینا مشکل ہوگیا ہے۔

پشاور میں محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت بجٹ کو مسترد کرتی ہے۔ بجٹ کے اعداد و شمار جعلی ہیں، جس سے مہنگائی کا طوفان آیا ہے۔ عوام پر لگائے گئے نئے ٹیکسز واپس لئے جائیں۔

انہوں نے 23 جون کو فیصل آباد میں عوامی مارچ کا بھی اعلان کیا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا۔

مصر سابق منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ کراچی میں جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور حق کے سامنے ادا کی گئی، نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

نیو ایم اے جناح روڈ پر ہونے والی غائبانہ نماز جنازہ جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی نے پڑھائی۔

نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن سمیت جماعت کے دیگر رہنماؤں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جماعت اسلامی کے صوبائی امیر محمد حسین محنتی اور امیر کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے بات کی۔

محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ مصر میں ریاستی دہشت گردی کے ذریعہ عوام کی منتخب جمہوری حکومت کو کچلا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مرسی کی شہادت نے پورے عالم اسلام کو سوگوار کردیا ہے۔

تازہ ترین