• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف کے دور کا بھی احتساب ہونا چاہئے، پرویزاقبال

برسلز(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ نون بلجیم کے صدر حاجی پرویز اقبال نے کہا ہے کہ کئی سالوں سے آئی ایم ایف یا دوسرے ممالک سے قرضے لئے ہیں ان کا پتہ چلانے کے لئے کمیشن بنانے کی بات اچھی ہے، کمیشن ضرور بننا چاہئے لیکن جنرل (ر)پرویز مشرف کے دور کا بھی تو احتساب ہونا چاہئے اس دور میں قرض کے علاوہ امریکہ نے بہت سی دیگر مدوں میں امداد دی تھی وہ امداد کہاں استعمال ہوئی ہے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے۔ انھوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے دور میں جو قرض لیا گیا تھا وہ کھلی کتاب کی طرح عیاں ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ پیسے لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے اور پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کے نئے کارخانوں اور دیگر پروجیکٹس پر خرچ کئے گئے۔ ملک سے دہشت گردی اور لاقانونیت کو ختم کرنے کے لئے فورسز کی بہتری اور انکی تربیت کےلئے فنڈز اور ملک کی سیکورٹی کے لئے جدید ہتھیاروں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ حاجی پرویز اقبال نے مزید کہا کہ سب کا احتساب ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے دور میں قرض اتارو ملک سنوارو مہم میں جو رقوم اکٹھی ہوئیں انکے بارے میں جب اپوزیشن نے شور ڈالا تو اسٹیٹ بنک نے سینیٹ کے اندر رپورٹ پیش کردی کہ وہ رقوم کہاں خرچ کی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ر پرویز مشرف دور میں بہت سا پیسہ ہڑپ ہوا۔ جس کاآج تک کوئی حساب سامنے نہ آسکا بلکہ قوم کو اس بارے میں دھوکہ دیا گیا۔ آج حکومت اور قوم اس کو بھول چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کرپٹ عناصر کو بھی گرفتار کرکے پوری قوم کے سامنے لایا جائے اور انکا کڑا احتساب کیا جائے جنہوں نے ملک کی جڑوں کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرکے رکھ دیا۔ انھوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری سراسر انتقامی کارروائی ہے۔حکمران جماعت میں عمران خان کےدائیں بائیں ایسے کئی لوگ موجود ہیں جن کے متعلق تحقیقات مکمل ہونے کے باوجود انہیں نہ تو گرفتار کیا جارہا ہے اور نہ کوئی کارروائی عمل لائی جارہی ہے۔
تازہ ترین