• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’اکشے کمار کے ساتھ فلم کی آفر ہوئی تھی جسے ٹھکرادیا‘

نامور پاکستانی اداکارہ مایا علی کا کہنا ہے کہ اُنہیں بالی ووڈ کے کھلاڑی اداکار اکشے کمار کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی تھی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ مایا علی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہیں چند سال قبل اکشے کمار کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی جس کا آڈیشن دینےکے لیے وہ بھارت بھی گئی تھیں لیکن پھر کچھ وجوہات کے باعث انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

مایا علی نےایک نجی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ فلمیں دیکھنا بے حد پسند ہے۔ خصوصاً بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار کرن جوہر کی تقریباً تمام فلمیں انہوں نےدیکھی ہیں۔ اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ آپ اس بات سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ میں کتنی فلمی ہوں گی۔

مایا نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اداکارہ بن جائوں گی لیکن جو آپ کے نصیب میں ہوتا ہے وہ ہو کر ہی رہتا ہے۔ مایا علی نے اپنی نئی آنے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں اداکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے بعد یہ اُن کی دوسری فلم ہے، اس فلم میں وہ اداکار شہریار منور کے ساتھ کام کررہی ہیں۔

فلم کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے مایا علی نے بتایا کہ اُن کی یہ فلم طیفا ان ٹربل سےبالکل مختلف ہے۔ وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں دونوں فلموں میں مختلف کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ ’طیفا ان ٹربل‘ ایکشن کامیڈی فلم تھی جبکہ ’پرے ہٹ لو‘ جذبات سے بھرپور محبت پر مبنی فلم ہے۔

شہریار منور کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ شہریار کے ساتھ کام کرنا اُن کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں تھا کیوں کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اُن کے ساتھ فلم کرنا اتنا آسان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریار نے میرا بھرپور ساتھ دیا اور ہر طرح سے مجھے مواقع فراہم کیے تاکہ میں سکون اور اطمینان کے ساتھ بہترین اداکاری کرسکوں۔

انٹرویو کے اختتام میں مایا علی نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالی ووڈ کے نٹ کھٹ اداکار رنویر سنگھ کے کام کے جذبے کو بے حد پسند کرتی ہیں اور اگر انہیں کبھی بھی موقع ملا تو وہ رنویر سنگھ کے ساتھ فلم میں ضرور کام کریں گی۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ جہاں تک بات ساتھ کام کرنے والے پرکشش شخص کی ہے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ شہریار منور پُرکشش شخصیت کے مالک ہیں۔

تازہ ترین