• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: رینجرز کارروائی، گلشنِ معمار سے اسلحہ و بارود برآمد

پاکستان رینجرز سندھ نے لیاری گینگ وار کے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گلشنِ معمار میں چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا، ملزمان کو جوڑیا بازار میں تاجر کے قتل میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

رینجرز ترجمان کے مطابق کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار میں سلیم کارپوریشن کے مالک سلیم احمد عرف مرچی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

رینجرز نے قتل کے مرکزی ملزم خرم ممتاز، اقبال عرف جرمن اور اس کے بیٹے نوید اقبال کو گرفتار کیا تھا۔

دورانِ تفتیش ملزم نوید اقبال کے انکشافات کی روشنی میں لیاری گینگ وار کے سرگرم کارندوں اور اسلحے کے بارے میں دی گئی معلومات کی بنیاد پر پاکستان رینجرز (سندھ) نے گلشنِ معمار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن، ہینڈ گرنیڈ، کمیونیکیشن آلات اور دیگر سامان بر آمد کرلیا۔

برآمد کیے گئے سامان میں 5 کلاشنکوفیں، 2 ایم پی فائیو رائفلیں، ایک ماؤزر مع سائلنسر، 3 نائن ایم ایم، ایک یونین بیرل راکٹ لانچر، بتیس بور ماؤزر، 2 گلاک پستول، 11 گرنیڈ، ایس ایم جی کے 23 میگزین، ایم پی فائیو کے 14 میگزین، گلاک کے 8 میگزین، نائن ایم ایم کے 20 میگزین، تیس بور پستول کا ایک میگزین شامل ہے۔

اس کے علاوہ برآمد کیے گئے سامان میں نائن ایم ایم کے 440 راؤنڈ، بتیس بور پستول کے 120 راؤنڈ، تیس بور پستول کے 20 راؤنڈز، ایس ایم جی کے ایک ہزار سے زائد راؤنڈز، 4 واکی ٹاکی سیٹ، ایک سی ڈی پلیئر، 2 وائی فائی راؤٹرز، موبائل فون کے 5 کی پیڈ، 6 یو ایس بیز اور 32 سی ڈیز کے علاوہ دیگر متفرق سامان بھی شامل ہے۔

رینجرز ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شر پسند عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز کی چیک پوسٹ پر اطلاع دیں یا رینجرز کے ہیلپ لائن نمبر 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر بذریعہ ایس ایم ایس رابطہ کریں۔

تازہ ترین