• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی چیف سلیکٹر انضمام الحق آج اہم اعلان کرینگے

لندن (نمائندہ خصوصی) ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کوالی فائی نہ کرنے کے بعد کیا چیف سلیکٹر انضمام الحق اپنے عہدے سے استعفی دینے جارہے ہیں؟ یا وہ گیند پی سی بی کے کورٹ میں ڈالیں گے۔ امکانات ہیں کہ بدھ کو لاہور میں وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے اعلان کرکے قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیں گے۔ اگر وہ خود استعفی دیتے ہیں تو ورلڈ کپ کے بعد وہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں یہ عہدہ چھوڑنے والے پہلے اہم اور طاقتور شخص ہوں گے۔ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ سلیکشن معاملات پر شریک رہنے اور پھر نجی دورے پر چیریٹی کےلئے فنڈز جمع کرنے والے انضمام الحق لاہور پہنچ گئے ہیں ۔ پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو ڈھائی بجے انضمام الحق لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق اپنے مستقبل کے بارے میں اہم اعلان کریں گے۔ ورلڈ کپ کے ساتھ ہی قومی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد ختم ہوگئی ہے۔ پی سی بی نئی سلیکشن کمیٹی کے لئے نئے لوگوں کا تقرر کرنا چاہتی ہے۔29 جولائی کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس سے قبل انضمام الحق شکست کے اسباب پر بات کریں گے ۔ تین سال قبل انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ ان کے دور میں پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے میں کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ان کی سلیکشن اور جانب داری پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز بار بار بات کرتے رہے ہیں۔
تازہ ترین