• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام طور پردیکھا جائے توطلبہ کے لیے انٹرن شپ اور فیلوشپ پروگرام میل جول بڑھانے، تعلقات استوار کرنے، صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور تجربہ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ تسلیم کیے جاتے ہیں۔ لیکن انفرادی طور پر دونوں پروگرام اپنے تئیں خاص اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ پیشہ ورانہ زندگی میں ترقی کے لیے ضروری ہے کہ آپ دونوں پروگرام کی خصوصیات اور طریقہ کار سے واقف ہوں، ساتھ ہی ان کے درمیان فرق جاننا بھی ضروری ہے۔ آئیےدونوں کے مابین اس خاص فرق کو جانتے ہیں۔

انٹرن شپ پروگرام

ایک طالب علم کے لیے انٹرن شپ کسی مخصوص شعبہ میں تجربہ حاصل کرنے کا ایک ایساآسان راستہ ہے، جس میں وہ مستقبل کے حوالے سےایک کامیاب کیریئر بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ طالب علم یونیورسٹی میں پڑھائی کے دوران انٹرن شپ کا انتخاب تجرباتی دنیا میں قدم رکھنےکے لیے کرتے ہیں تاکہ وہ ملازمت سے متعلق جان سکیں اور اہم فیصلے کرسکیں۔ یونیورسٹیوں کی طرف سے بھی طالب علموں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ گریجویشن مکمل کرنے سے قبل کسی کمپنی یا ادارے کی ضروریات اورقواعد وضوابط کے تحت مخصوص مدت کےلیے انٹرن شپ کریں۔ ہمارے یہاں ہر سال بہت سے ملکی و غیرملکی ادارے طالب علموں کو گریجویشن کے دوران انٹرن شپ آفر کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ ادارے ایسے بھی ہیں، جہاں جاب کے حصول کے لیے انٹرن شپ پروگرام لازمی تصور کیا جاتا ہے مثلاً میڈیکل، وکالت، چارٹرڈ اکاؤٹینسی وغیرہ۔

فیلوشپ پروگرام

فیلوشپ پروگرام، ابتدائی تجربہ فراہم کرنے کے برعکس پیشہ ورانہ خصوصیات دینے کے لیے ترتیب دیا جاتا ہے۔ فیلوشپ پروگرام طلبہ کی پرسنل ڈویلپمنٹ کے لیے بہترین پلیٹ فراہم کرتاہے۔ اس دوران دنیا کی مختلف یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے طالب علموں کو انفرادی طور پرمخصوص پروجیکٹ مکمل کرنے کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے۔ اس کی کامیابی سے تکمیل ان کے منتخب کردہ شعبہ جات میں بھی کامیابی کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔

اہلیت میں فرق

انٹرن شپ کے لیے کوئی بھی طالب علم، کسی بھی اسٹیج (مثلاًہائی اسکول اور انڈر گریجویٹ پروگرام کے طلباو طالبات) پر انٹرن شپ کی درخواست کی اہلیت رکھتا ہے جبکہ فیلوشپ کے خواہش مند طالب علموں کو پروفیشنل اور پرسنل پلاننگ میں اسٹریٹجک سوچ بھی اختیار کرنا پڑتی ہے۔ عمومی طور پر کسی ادارے یاتنظیم کی جانب سے لیڈرشپ اور گریجویٹ اسٹڈیز کو فروغ دینے کے لیے فیلوشپ اسپانسر کی جاتی ہے، تاکہ کسی خاص موضوع پر تحقیق کو آگے بڑھایاجاسکے۔ کسی خاص شعبے میں نئے مواقع کی تلاش کے لیے بھی فیلوشپ آفر کی جاتی ہے۔

درخواستوں میں فرق

انٹرن شپ کے خواہشمند طالب علموں کو اپنی سی وی کے ساتھ کور لیٹر منتخب ادارے کو ارسال کرنا ہوتا ہے۔ اس طرح طالب علم اپنی تعلیم اورمخصوص شعبےمیں انٹرن شپ کرنے کے بارے میں اپنی دلچسپی بتاتے ہیں۔ ساتھ ہی انھیں ان تمام سوالات کے جوابات یا خاص معلومات فراہم کرنی ہوتی ہیں، جو ادارے کی جانب سے پوچھے گئے ہوں۔

پروفیشنل فیلوشپ حاصل کرنے کے لیے درخواست تیار کرنے کا عمل وقت طلب اور انتہائی مسابقتی ہوتا ہے۔اس کام کے لیے چند دنوں سے لے کر ہفتے درکار ہوسکتے ہیں۔ پروفیشنل فیلوشپ کے لیے عمومی طور پر درخواست کے ساتھ تحریری مضامین، دو سے تین ریفرنس اور پروجیکٹ پروپوزل بھی جمع کرانے کے لیے کہا جاتا ہے۔بعض اوقات کسی مضمون پر ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار بھی کرنا ہوتا ہے۔

معاوضہ کا فرق

انٹرن شپ معاوضہ اور بلامعاوضہ دونوں قسم کی ہوسکتی ہے۔ معاوضہ دینے والے ادارے یا کمپنیاںفریش گریجویٹس کو (ایک کمپنی ملازم کی ہی طرح)روزانہ6 سے8 گھنٹوں کے لیے رکھتی ہیں۔ انٹرن شپ کا دورانیہ ایک ماہ سے3ماہ یا بعض اوقات 6ماہ کا بھی ہوتا ہے جبکہ فیلوشپ 3ماہ سے لے کرایک سال تک کے دورانیہ کی اور کل وقتی ہوتی ہے۔ فیلوشپ مکمل کرنے کے بعد اس بات کی گارنٹی نہیں ہوتی کہ آپ کو اپنی خواہش کے مطابق نوکری مل جائے گی۔

انٹرن شپ بمقابلہ فیلوشپ

سادہ لفظوںمیں یوں کہا جاسکتا ہے کہ انٹرن شپ، زیرتعلیم یا فریش گریجویٹس کی تربیت کے لیے ایک عارضی نوکری ہے،جس میں انٹرن شپ کرنے والے کو عمومی طور پر معاوضہ دیا جاتا ہے۔ دوسری جانب اگر فیلوشپ کی بات کی جائے تویہ میرٹ بیسڈ ہوتی ہے، جہاں کسی بھی شعبہ میں مزید تعلیم کے حصول یا تحقیق کے لیے سرمایہ فراہم کیا جاتا ہے۔

فیلوشپ کی طرح اسکالرشپ بھی ایک قسم کی فنڈنگ ہوتی ہے۔ تاہم دونوں میں فرق یہ ہے کہ اسکالرشپ زیرتعلیم طالب علموں یا گریجویٹس کو اپنے موجودہ تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے دی جاتی ہے جبکہ فیلوشپ مزید تعلیم اور تحقیق کے لیے ہوتی ہے۔

تازہ ترین