• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں گرمی کی لہر اور حبس، شدت111 فارن ہائیٹ محسوس کی جائے گی

لندن (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں ہفتہ برطانیہ میں گرمی کی نئی لہر، حبس کی شدت کے ساتھ آرہی ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت111فارن ہائیٹ تک محسوس کی جائے گی، پیش گوئی کے مطابق گرمی کی شدت 95فارن ہائیٹ تک پہنچ جائے گی اور بدھ یا جمعرات کو جولائی میں گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔ پبلک ہیلتھ انگلینڈ نے لیول 2کی الرٹ جاری کی ہے اور معمر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پردے گرائے رکھیں اور شدید گرمی کے اوقات میں گھروں سے نکلنےسے گریز کریں موسمیات سے متعلق چارٹ کے مطابق شدت کے حبس کی وجہ سے گرمی کی شدت 111فارن ہائیٹ تک محسوس ہوگی، اختتام ہفتہ تک حبس کی شدت شمال کی طرف کوچ کر جائے گی، جس سے ہلاکت خیز گرمی پڑے گی، پیرس میں اس دوران ہفتہ کے وسط میں گرمی کی شدت 41 سینٹی گریڈ یعنی 105فارن ہائٹ تک پہنچ جائے گی۔ پیشہ ورانہ پنشنرز کی نیشنل فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو مالکم بوتھ نے کہا ہے کہ معمر اور کمزور افراد اپنا خاص خیال رکھیں، کیونکہ موسم گرما کی گرمی موسم سرما کی سردی کی طرح ہلاکت خیز ہوسکتی ہے۔ شدید حبس سے معمر افراد اور سانس کی تکلیف میں مبتلا افراد کو زیادہ شدید تکلیف ہوسکتی ہے، لوگوں کو اس کیلئے تیار رہنا چاہئے، تاکہ موسم گرما میں گرمی کی شدت کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد کو روکا جا سکے۔ شدید گرمی کے اوقات میں گھروں کے اندر رہیں اور اگر آپ ایسے لوگوں کے قریب ہیں، جو گرمی کی شدت کا مقابلہ کرتے نظر آئیں تو ایک منٹ رک کر یہ دیکھیں کہ کیا وہ ٹھیک ہیں۔ شدید گرمی کے دوران کمروں کے پردے گرائے رکھیں تاکہ دھوپ اندر نہ آسکے اور گرمی کی شدت کم محسوس ہوسکے۔ جمعرات کو درجہ حرارت کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے، 25 جولائی کو گرمی کی شدت 93فارن ہائیٹ تک پہنچ سکتی ہے جو کہ1900میں ریجنٹ پارک لندن میں ریکارڈ کی گئی تھی تاہم ماہر موسمیات صوفیہ یومینز کا کہنا ہے کہ اختتام ہفتہ شدید طوفان بادوباراں آنے کا امکان ہے جس سے موسم کسی حد تک ٹھنڈا ہوجائے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ لہر افریقہ سے آرہی ہے، جو فرانس اور اسپین کے راستے برطانیہ میں داخل ہوگی اوربدھ کو گرمی کی شدت93 فارن ہائیٹ تک پہنچ سکتی ہے۔

تازہ ترین