• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل چیلنج کپ فٹ بال: محمد وحید کی ریکارڈ ساز ڈبل ہیٹ ٹرک

محمد وحید کی شاندار اور ریکارڈ ساز ڈبل ہیٹ ٹرک کی بدولت نیشنل چیلنج کپ فٹ بال میں پہلی بار شرکت کرنے والی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان ریلویز کو 6-0 سے شکست دے دی۔ یہ ایونٹ کی واحد ڈبل ہیٹ ٹرک ہے۔

دوسرے میچ میں محمد جمیل کے 90ویں منٹ میں کئے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت دو بار نیشنل چیلنج کپ کی فاتح پاکستان آرمی نے پی ایف ایف ٹائیگر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-0 سے زیر کیا۔ یہ پاکستان آرمی کی ایونٹ میں پہلی فتح ہے۔

پشاور میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں بدھ کو کے آر ایل اور کے پی ٹی جبکہ پاکستان واپڈا اور کراچی یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گی۔

میچ کے بعد محمد وحید کا کہنا تھا کہ15 روزہ تربیتی کیمپ میں ہیڈ کوچ صدیق شیخ کی زیرنگرانی ہم نے بھرپور تیاری کی اور اسی کا نتیجہ ہے کہ ہماری ٹیم نے سابق نیشنل چمپئن پاکستان ریلویز کو آؤٹ کلاس کیا۔

انہون نے مزید کہا کہ مجھے اپنی عمدہ کارکردگی پر بے حد خوشی ہے اور یہ ریکارڈ میں اپنے والدین اور ہیڈ کوچ صدیق شیخ کے نام کرتا ہوں۔

محمد وحید کا کہنا تھا کہ انشاء ﷲ اپنی اس کارکردگی کو ایونٹ کے دیگر میچوں میں بھی دہرانے کی کوشش کروں گا۔

طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پشاور میں پاکستان آرمی اور پی ایف ایف ٹائیگرز کے مابین انتہائی برق رفتار میچ کھیلا گیا۔

نیشنل کوچ گوہر زمان کی کوچنگ میں پہلی بار چیلنج کپ کھیلنے والی پی ایف ایف ٹائیگرز نے پاکستان آرمی کی ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور حریف ٹیم کو کسی بھی لمحہ یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ وہ ایک نوآموز ٹیم ہے۔

حالیہ نیشنل انٹر سٹی چمپئن شپ سے منتخب ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹائیگرز نے پاکستان آرمی کو برتری کے حصول سے دور رکھا لیکن انتہائی آخری لمحات (90ویں منٹ )میں پاکستان آرمی کے محمد جمیل حریف گول کیپر مراد خان کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے اور 1-0 کی برتری کے ساتھ اپنی ٹیم کو میدان سے باہر لائے۔

دوسرے میچ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کو حریف پاکستان ریلویز کیخلاف کامیابی کے حصول میں کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

فاتح ٹیم کے نوجوان اسٹرائیکر محمد وحید نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو حیران کردیا، چوتھے منٹ میں محمد وحید نے گول اسکورنگ کا آغاز کیا اور وقفہ سے قبل 46ویں منٹ میں دوسرا گول اسکو کیا۔

60ویں منٹ میں محمد وحید نے ایونٹ کی پہلی ہیٹرک اسکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا، 71ویں منٹ میں چوتھا، 78ویں منٹ پانچواں اور 79ویں منٹ میں چھٹا گول اسکور کے نیشنل چیلنج کپ کے پہلے کھلاڑی بنے جس نے ڈبل ہیٹ ٹرک کرنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا۔

ریفریز شوکت حسین اور انور خان کے معاونین یونس لعل، راشد عبدﷲ، نصیر الدین، امین، علاء الدین اور ذیشان خان جبکہ ریفریز ایسیسر امتیاز علی شاہ جبکہ میچ کمشنر قاضی آصف تھے۔

تازہ ترین