• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، برطانیہ کا ہتھیاروں کی روک تھام کیلئےرابطے جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد( نمائندہ جنگ )پاکستان اور برطانیہ نے ہتھیاروں کی روک تھام، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے امور کے بارے میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے منگل کو اسلام آباد میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہتھیاروں کی روک تھام، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے بارے میں دوطرفہ مشاورت کے چوتھے دور میں ہوا۔دفترخارجہ کے مطابق بات چیت کھلے اور تعمیراتی ماحول میں ہوئی اور دونوں فریقوں نے بین الاقوامی ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ کے ایجنڈے کا جائزہ لیا۔انہوں نے عالمی اور علاقائی سلامتی اور استحکام کے ساتھ ساتھ کثیرجہتی فورموں میں تعاون اور شراکت کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا۔مذاکرات میں پاکستانی ٹیم کی قیادت ہتھیاروں پر کنٹرول اور تخفیف اسلحہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد کامران اختر نے کی جبکہ برطانیہ کے خارجہ اور دولت مشترکہ کے دفتر کے وفد کی قیادت دفاع اور بین الاقوامی سکیورٹی کی ڈائریکٹر Samantha Job نے کی۔

تازہ ترین