• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جولائی 2019ء ماحولیاتی تاریخ کا نیا باب، دنیا کا گرم ترین مہینہ قرار


کراچی (نیوز ڈیسک) جولائی 2019ء نے دنیا کی ماحولیاتی تاریخ میں ایک نیا اور اہم باب رقم کیا ہے اور ماہرین نے اسے دنیا کی تاریخ کا سب سے گرم ترین مہینہ قرار دیا ہے۔ عالمی موسمیاتی تنظیم (ورلڈ میٹریولوجیکل آرگنائزیشن) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ماحولیاتی تبدیلی کی نشاندہی کرنے والے ماہرین نے بتایا ہے کہ جولائی کے ابتدائی 29؍ دنوں میں حاصل کیے گئے اعداد و شمار (درجہ حرارت) گزشتہ ماہ کے مقابلے میں اور سابقہ گرم ترین مہینے جولائی 2016ء سے بھی زیادہ گرم تھے۔ یہ نشاندہی اور مشاہدات اس لحاظ سے بھی اہم ہیں کیونکہ جولائی 2016ء کا مہینہ ایل نینو کے سمندری پیٹرن میں اتار چڑھائو کی وجہ سے گرم ترین ثابت ہوا تھا۔ ایل نینو ایک ایسا پیچیدہ موسمیاتی پیٹرن ہے جو دنیا کے درجہ حرارت میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاہم، جولائی 2019ء میں ایل نینو پیٹرن نہ ہونے کے باوجود درجہ حرارت میں اضافے نے سائنسدانوں کو چونکا دیا ہے اور یہ درجہ حرارت دنیا بھر کے مختلف حصوں میں بڑھ رہا ہے۔ ورلڈ میٹریولوجیکل آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل پیٹری ٹالاس نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں سال جولائی نے نئی تاریخ رقم کی ہے، مقامی، قومی اور عالمی سطح پر درجہ حرارت میں اضافے کے درجنوں نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں۔ ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو (گرمی کی لہر) اور جنگلات میں لگی آگ، جس کی پہلے مثال نہیں ملتی، نے جولائی کو گرم ترین بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔ امریکا کے نیشنل اوشینک اینڈ ایٹماسفیرک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) ادارے نے 2010ء سے لے کر اب تک جون کے 9؍ مہینے گرم ثابت ہوئے لیکن جولائی نے سب کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

تازہ ترین