• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹیکل 370ختم نہیں ، ترمیم کی گئی ہے‘جسٹس منظور گیلانی

مظفر آباد ( افضل بٹ )بھارتی جارحیت نے سیاسی پارٹیوں میں بٹی کشمیری قیادت کو متحد کر دیا، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیلئے بلائے گئے قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں وقفہ کر کے “ان کیمرہ “ سیشن کا بھی انعقادکیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قانون ساز اسمبلی آزاد جموں کشمیر کا اجلاس شروع ہوتے ہے اراکین اسمبلی نے دھواں دھار تقاریر کا آغاز کر دیا جس پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ماجد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ بھارتی اقدام پر اسمبلی میں تقاریر سے قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو پالیسی سٹیٹ منٹ دینی چاہئے تاکہ اس کی روشنی میں تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی اظہار خیال کر سکیں۔ قائد حزب اختلاف چودھری یسین و سابق وزیر اعظم سردار عتیق خان نے بھی ماجد خان کی تائید کی تو وزیراعظم فاروق حیدر خان نے ایوان میں پیشکش کی کہ اپوزیشن جماعتیں چاہیں تو ہم اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ کرکے موجودہ حالات پر “ ان کیمرہ “ سیشن بھی کر سکتے ہیں جس میں مقبوضہ کشمیر ، آزاد کشمیر اور بھارتی آئین کے ممتاز ماہر سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر سید منظور حسین گیلانی اراکین اسمبلی کو بریفنگ دیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم فاروق حیدر کی پیشکش قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی تو سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے اجلاس میں چار گھنٹے کے وقفے کا اعلان کر دیا۔ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں منعقدہ “ان کیمرہ” سیشن کے دوران جسٹس سید منظور حسین گیلانی نے بھارتی آئین ، مہاراجہ اور بھارتی حکمرانوں کے درمیان الحاق کے متنازعہ معاہدے اور اقوام متحدہ کی کشمیر پر قرار داداؤں کی روشنی میں بھارت کے حالیہ غیر آئینی اقدامات کے متعلق اراکین اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ منظور گیلانی نے کہا کہ اکثر پاکستانی رہنما یہ بیان دے رہے ہیں کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 ختم کر دیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھارت نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کی بجائے اس میں ترمیم کی ہے اسی طرح آرٹیکل 35 کو مکمل طور پر ختم کرنے کی بجائے آرٹیکل 35 اے کو ختم کیا ہے۔ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں منعقدہ “ان کیمرہ” سیشن کے دوران سٹیج پر وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ فاروق حیدر، سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما و اپوزیشن لیڈر چودھری یسین، مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، امیر جماعت اسلامی و رکن اسمبلی عبدالرشید ترابی ، تحریک انصاف کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری و رکن اسمبلی ماجد خان اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن اسمبلی حسن ابراھیم خان سٹیج پر جبکہ تمام وزرا و سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی ہال میں موجود تھے۔ اس موقع پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر سیاسی و ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوے مسئلہ کشمیر پر ہم متحد و ایک ہیں اور ایک دوسرے کے قدم سے قدم اور کندھے سے کندھا ملاتے ہوے ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

تازہ ترین