• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذاتی رفاقت کا دعویٰ، چار ریٹائرڈ جرنیلوں نے عمران خان سے ملاقات کیلئے پٹیشن دائر کر دی

اسلام آباد (فخر درانی) پاک فوج کے چار ریٹائرڈ جرنیلوں نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ اپنی طویل رفاقت اور اہم معاملات کو حل کرنے کی فوری ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے ان سے ملاقات کی درخواست کی ہے۔

 درخواست دینے والوں میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) زاہد اکبر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سکندر افضل، لیفٹیننٹ جنرل (ر) فاروق خان اور میجر جنرل (ر) مسعود برکی شامل ہیں۔ ایڈووکیٹ احسن ایاز خان کے توسط سے دائر کردہ درخواست اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ کے روبرو دائر کی گئی ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ ان جرنیلوں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملے گی یا نہیں۔

 درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی عمران خان سے پرانی رفاقت ہے اور وہ ان سے اہم قومی امور پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ مبصرین حیران ہیں کہ یہ اقدام جرنیلوں کا ذاتی اقدام ہے یا ان کے ذریعے عمران خان کے ساتھ پس پردہ بات چیت شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں حملے کے بعد بھارت سے درپیش کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان نے سیاسی اتحاد اور اتفاق رائے کی کوشش کی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ عمران خان سے ان کی بہنوں اور اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ 

تاہم، اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ان چار ریٹائرڈ جرنیلوں کی جانب سے دائر کردہ پٹیشن سیاسی تقسیم ختم کرنے کیلئے بیک چینل مذاکرات کی ایک کوشش ہے؟

اہم خبریں سے مزید