• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جشن آزادی کے موقع پر ریلیاں، بھارتی اقدامات کی مذمت

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جشن آزادی کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں جن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیرکے مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ گرا کر اپنا انتہا پسند چہرہ دنیا کو دکھایا ہے تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کی جانب سے یوم آزادی کی تقریب ڈی جی ایچ ڈی اے سیکریٹریٹ حیدرآباد میں پروقار طریقے سے منائی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ تھے جبکہ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر ولی ا للہ دل اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا۔ کشمیری مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے عزم میں کشمیر کاپرچم بھی لہرایا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جبکہ بھارت نے بھارت میں رہنے والے مسلمان اور بالخصوص کشمیری مسلمانوں پر ظلم اور جبر کے پہاڑ گرا کر اپنا انتہا پسند چہرہ دنیا کو دکھایا ہے۔ انہوں نے بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔دریں اثنا پی پی گدو ناکہ پٹھان گوٹھ قاسم آباد کے مقامی رہنما محبوب پٹھان و دیگر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت لاتوں کا بھوت ہے یہ باتوں سے نہیں مانے گا لیکن یہ بھارت کی بھول ہے کہ کشمیر پر ظلم و زور زبردستی سے قبضہ کرلے گا کیونکہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کے لئے سر پر کفن باندھ کر نکلے گا۔ جشن آزادی کے سلسلے میں ایک تقریب خالد عزیز آرائیں سابق صدر پاکستان مسلم لیگ ڈویژن حیدرآباد کی رہائش گاہ پر ہوئی جس میں نواب ارشد تالپور‘ روشن علی بلوچ‘ رفیق لودھی او ر دیگر نے شرکت کی۔ پھلیلی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب منعقد کی گئی جس سے حنیف صدیقی اور دیگرنے خطاب کیا۔جشن آزادی نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس میں ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ جشن آزادی کے موقع پر مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور دیگر تنظیموں کی جانب سے کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالیں جس میں شرکاءکی بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے قومی پرچم اور کشمیر کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔ پیپلزپارٹی ، جماعت اصلاح المسلمین ، سنی تحریک، عوامی تحریک، جمعیت علمائے پاکستان، موٹر وے پولیس کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔ مذکورہ ریلیوں میں شامل شرکاءکی بڑی تعداد سبز ہلالی پرچم سے مطابقت رکھنے والے کپڑے زیب تن کرکے آئے اور بھارت مخالف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کشمیر کے حق میں جس حد تک جائے گی اس کا ساتھ دیا جائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ جشن آزادی کے موقع پر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جشن آزادی کے سلسلے میں بلدیہ اعلیٰ کی مرکزی عمارت پر میئر حیدرآباد سید سہیل مشہدی نے پر چم کشائی کی اور پاکستان کے پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کا پر چم بھی لہرایا اور پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹاگیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکرزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ یومِ آزادی اس انداز سے منایا جارہا ہے کہ ایک جانب ہم اپنے ملک خداداد پاکستان کی آزادی کو جوش وخروش سے منارہے ہیں تو دوسری طرف کشمیر میں بربریت اور آزادی کیلئے انکی بے مثل قربانیوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں اور ساتھ ہی کشمیر پر شب خون مارنے اور کالے قوانین کے اطلاق کی مذمت بھی کررہے ہیں۔

تازہ ترین