• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف ہمارے ہاں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں طلبا کی اکثریت ریاضی یعنی میتھس سے بھاگتی ہے اور کوشش کرتی ہے کہ وہ میتھس کے اور میتھس ان کے راستے میں نہ آئے۔ لیکن حقیقت یہی ہے کہ ہماری زندگی کا آغاز ہی ایک دو تین سے شروع ہوتا ہے یا زندگی شروع ہوتے ہی گنتی شروع ہو جاتی ہے جیسا کہ بچہ اب اتنے دن کا ہے، پھر اتنے مہینے کا اور اب اتنے سال کا ہوگیا وغیرہ وغیرہ !

آ پ کو بھلے ریاضی کتنی ہی ناپسند ہو لیکن آپ نے دسویں جماعت تک تو بہر حال اس سے نبرد آزما ہوناہی ہے۔ بعض لوگ پیشہ ورانہ زندگی میں یہ بھی سوچتے رہتے ہیں کہ انہوں نے زمانہ طالب علمی میں جو تھیورم یا فیثا غورث کے مسئلے سلجھائے تھے یا پھر اس میں بمشکل پاس ہوئے تھے، وہ زندگی بھر کام نہ آئے۔ ا س کا جواب یہی ہے کہ ریاضی کا علم ذہن کے دریچے کھولتاہے، منطق سکھاتا اور گتھیاں سلجھانے میں مدد کرتاہے۔ دراصل ابتدا ہی سے ہمارے اندر ریاضی کی زبان سے سمجھنے کی صلاحیت پید ا کرنے اور اس سے مربوط سوچ کو فروغ دینے کی کوشش کی جاتی ہے، جس میں سبھی کامیاب نہیں ہوتے لیکن جو کامیاب ہوتے ہیں، وہ کمال کرتے ہیں۔ اگر آپ بھی ریاضی کی سائنس میں کچھ کرگزرنے کا خواب رکھتے ہیں تو امید ہے کہ یہ مضمون آپ کے کام آسکتا ہے۔

میتھ میٹیکل سائنس کیا ہے ؟

ویسے تو سائنس اور ریاضی کا چولی دامن کا ساتھ ہے لیکن چونکہ سائنس شاخ در شاخ پھیلتی جارہی ہے اور اس سے وابستہ مضامین کی تخصیص بھی سامنےآتی جارہی ہے تو میتھ میٹیکل سائنس کا بھی زمرہ ہمارے سامنے ہے۔ میتھ میٹیکل سائنس کی تعریف سے پہلے ہم میتھس کی تعریف معلوم کرلیتے ہیں۔

اعداد کو استعمال کرتے ہوئے اشکال یا مقداروں کے خواص اور ان کے درمیان تعلقات کی تحقیق اور مطالعے کا نام ریاضی ہے۔ اس میں اشکال، ساختوں اور ان کی تبدیلیوں سے متعلق بحث بھی کی جاتی ہے۔ جبکہ میتھ میٹیکل سائنس میں میتھس ایک قابل اطلاق یعنی اپلائیڈ فیلڈ ہے۔ تحقیق میں یہ ماہر شماریات (Statistician) بننے اور مشینوں کو سیکھنےکے حوالے سے استعمال ہوتی ہے۔

بنیادی طور پر پیشہ ورانہ لحاظ سے اسکول، کالج یا یونیورسٹی کی سطح پر ریاضی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ تدریس اور تحقیق کے علاوہ یہ سرمایہ کاری کے تجزیہ کار، ماہر شماریات، اعداد وشمار کے تجزیہ کار، سافٹ ویئر ماہر، ڈیٹا سائنسدان، کاروباری تجزیہ کار، سوشل سائنسدان، وغیرہ تک محدود نہیں بلکہ اس کا استعمال وسیع پیمانے پر ہوتاہے۔ ریسرچ آرگنائزیشن کو ڈیٹا سائنسدان کی ضرورت پڑتی ہے، اور ممکنہ سرکاری ملازمت بھی حاصل ہوسکتی ہے۔

پاکستان میں میتھ میٹیکل سائنس کی تعلیم

ہر معروف یونیورسٹی میں شعبہ ریاضی موجود ہوتا ہے، جہاں ڈگری ، ڈپلومہ اور سرٹیفیکٹ پروگرم آفر کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آن، ایم ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی، ڈی سی ایس وغیرہ کے پروگرام بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ آنر ز میں داخلے کیلئے انٹر میڈیٹ سائنس یا آرٹس (اگر میتھ سرٹیفیکٹ منسلک ہے) جبکہ ماسٹرز کیلئے بی ایس سی یا بی اے (میتھ میں ڈپلومہ) کی شرط ہوتی ہے۔

طلبا کا رحجان اور صلاحیتیں 

ایک طالب علم میتھ میٹیکل سائنس کا انتخاب اسی لئے کرتا ہے کہ وہ ریاضی کےفارمولوں کو سمجھتا اور سوالات حل کرنے میں لطف اندوز ہوتا ہے۔ اس کے لئے میتھس میں دلچسپی لینا ضروری نہیں ہے بلکہ کچھ درج ذیل رحجانات اہم ہیں، جس کی بنیاد پر کسی کا بھی میتھس اچھا ہوسکتا ہے۔

■ آپ کو تخلیقی سوچ، تجزیاتی رحجان اور تیزتردماغ لڑانے کی عادت اپنانے کی ضرورت ہے ، تاکہ آپ ریاضی کے مشکل سوالات کو مزے سے حل کرنےکے قابل ہوسکیں ۔

■ دراصل ریاضی تمام تر ٹولز کا ایک ٹول ہے، یعنی ایک کنجی ہے جس سے دوسرے علوم کے دروازے کھلتے ہیں۔ اسی لیے اس کا استعمال عام حالات سے لے کر پیچیدہ ایپلی کیشنز کیلئے بھی کرنا آنا چاہیے۔

■ ریاضی کی زبان کو استعمال کرتے ہوئے مسائل کو فارمولے کے ذریعے حل کرنے کی صلاحیت کو پروان چڑھانا چاہیے۔

■ انڈسٹریز، کاروباری، مالیاتی یا صحت عامہ کے اداروں میں پیچیدہ معاملات کو حل کرنے کیلئے ہر قسم کی منطقی اور غیر منطقی تکنیک سے واقفیت اور اس میں مہارت حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

■ ملازمت کے دوران اگر کسی تربیتی پروگرام کا حصہ بننے کی پیشکش ہو تو اسے فوراً قبول کرلینا چاہیےتاکہ آپ اپنے کیریئرکو بہتر راہ پر گامزن کرنے کے قابل ہوسکیں۔

تحقیق کے موضوعات

آپ اپنی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ تحقیق کے مواقع بھی حاصل کرسکتے ہیں اور اسی حوالے سے کسی بھی ملکی یا بین الاقوامی ادارے میں اپنی خدمات پیش کرسکتےہیں۔ تحقیق کے لیے آپ کے پاس تھری ڈی ماڈلنگ، الجبرا، آسٹرو ڈائنامکس، بائیو میتھ میٹکس اور بائیو انفورمیٹکس، کلائمٹولوجی، پیڈا گووجیکل تیکنیکس ان میتھس، کنٹرولز اینڈ سیمولیشن، فلوئیڈ ڈائنامکس، میتھ میٹیکل فزکس، آپریشن ریسرچ، کوانٹم میتھ میٹکس اور ریلیٹیویٹی اینڈ گریویٹیشن جیسے میدان کھلے ہیں، جن میں سے کسی ایک کا آپ اپنی پسند کے مطابق انتخاب کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین