• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم غصے کی آگ میں جل رہے ہیں، کشمیری نوجوان، بچے بھی لاک اپ میں بند

سرینگر (جنگ نیوز /ایجنسیاں)کشمیری نوجوانوں نے پہرے داری نظام بنا کر سورہ کے علاقے کو بھارتی فوج کیلئے نو گو ایریا بنادیا،کشمیری نوجوانوں کاکہنا ہے کہ ہمیں لگ رہا ہے جیسے ہم لائن آف کنٹرول کی پہرے داری کر رہے ہیں، سڑکوں پر اینٹیں، درختوں کی شاخیں، لوہے کی چادریں لگا کر سڑکیں بلاک کردی گئی ہیں، ہماری کوئی آواز نہیں، ہم اپنے غصے کی آگ میں جل رہے ہیں، دنیا ہمیں نہیں سنے گی تو ہم کیا کرینگے؟ کیا بندوقیں اٹھالیں؟ غیر ملکی میڈیا سے گفتگومیں کشمیری نوجوان کاکہنا تھا کہ بھارتی فوج گھسنے کی کوشش کرتی ہے تو مساجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اعلانات کر کے نوجوانوں کو اکٹھا کیا جاتا ہے،غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں سورہ کے دو درجن مکینوں نے مودی کو ظالم کہا ہے۔ادھر بھارتی فوج نے رات گئے گھروں پر چھاپے مار کر نوجوانوں کو گرفتار کرلیا اس کے علاوہ12 سے 15 سال کے کم عمر لڑکوں کو بھی گرفتار کرکے لاک اپ میں بند کردیاگیا، دریں اثنا کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور دیگر علاقوں میں نوجوان گھروں سے باہر آئے اوربھارت کے خلاف مظاہرے کئے ۔ بھارتی فوجیوں نے مظاہرین پر گولیاں اور پیلٹ فائر کرکے اور آنسوگیس کے گولے داغ کر متعدد افراد کو زخمی کردیا۔ پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے کم از کم 8افراد کو سرینگر کے ہسپتالوں میں داخل کیاگیا ۔ ایک سرکاری عہدیدار نے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں پتھرائو کے کم ازکم دودرجن واقعات پیش آنے کی تصدیق کی ہے۔علاوہ ازیں وادی کشمیر اور جموں خطے کے پانچ اضلاع میں منگل کو مسلسل 16ویں روز بھی سخت کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری ر ہیں جس سے محصور کشمیریوں کی حالت زار مزید ابتر ہوگئی ۔وادی کے مخصوص علاقوں میں اسکول کھلنے کے باوجود خالی رہے، وادی کی موجودہ صورتِ حال کی وجہ سے والدین نے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے انکار کر دیا۔

تازہ ترین