کراچی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ایک خاتون نے حد سے زیادہ محبت اور جھگڑا نہ کرنے پر تنگ آ کر شوہر سے طلاق کا مطالبہ کر دیا ہے۔ خاتون کو شوہر کی جانب سے لاڈ اور پیار میں رکھے جانے پر اعتراض ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ شوہر ان سے کم سے کم ایک دن کے لیے جھگڑا کریں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شوہر کی جانب سے کبھی جھگڑا نہ کرنے اور انتہائی اطاعت والی زندگی گزارے جانے پر خاتون نے تنگ آکر ان سے طلاق کیلئے عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، خاتون نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے شوہر نے ان کے ساتھ کبھی کوئی سختی نہیں کی اور وہ ان سے حد سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔ خاتون نے اعتراف کیا کہ ان کا شوہر ان کی ہدایت کے بغیر ہی گھر کی صفائی کرتے ہیں اور کھانا بھی تیار کرتے ہیں۔ خاتون کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر انتہائی اطاعت کی زندگی گزار رہے ہیں، کچھ کہنے کا موقع ہی نہیں دیتے، تاہم انتہائی اطاعت گزاری اور بیحد محبت و احترام کو خاتون نے عذاب قرار دیا ہے۔ خاتون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد اب تک شوہر سے کسی بات پر جھگڑے یا بحث کرنے کیلئے ترس گئی ہیں۔ خاتون کا کہنا تھا کہ شوہر کی محبت اور ہر کام بخوشی کرنے کی وجہ سے ان کی زندگی عذاب بن گئی ہے اور وہ مزید ان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتیں۔ رپورٹ کے مطابق بیوی کی جانب سے طلاق کیلئے درخواست دائر کرنے کے بعد شوہر نے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا کہ ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ ایک اطاعت گزار شوہر رہیں۔ خاتون کے شوہر نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ انہیں کئی دوستوں اور رشتہ داروں نے بیوی کے ساتھ تلخ رویہ اختیار کرنے کے مشورے بھی دیے، تاہم وہ ایسا کرنا نہیں چاہتے۔ شوہر نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ شادی کے چند ماہ بعد ایک دن اہلیہ نے انہیں ان کے اضافی وزن کا طعنہ دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سخت ورزش کی، جس وجہ سے انہیں ٹانگ میں چوٹ بھی لگی۔ شوہر نے عدالت کو کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کو اپنی درخواست واپس لینے کا مشورہ دیں گے اور یہ کہ کسی بھی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کم عرصے میں نہیں کیا جا سکتا۔ رپورٹ کے مطابق عدالت نے خاتون کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں کو باہمی رضامندی کے ساتھ کوئی فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔