پشاور (کرائم رپورٹر) سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پشاور ظہور بابر آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور میں پولیو مہم کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے اور تین ہزار اضافی پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز شہر اور نواحی علاقوں میں مختلف صحت مراکز اور بی ایچ یو کا دورہ کیا اور پولیو ٹیموں کو فراہم کی گئی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران کو خصوصی ہدایات دیں اور انہوں نے مختلف بی ایچ یو میں آئے ہوئے محکمہ صحت کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ ایس ایس آپریشن نے اس موقع پر محکمہ صحت کے اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پشاور پولیس کے لئے محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے لئے خصوصی طور خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت 3 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف بی ایچ یوز میں آنے والے والدین سے بھی ملاقات کی اور پولیو کے مضر اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔