دنیا کی امیر ترین ٹیلی ویژن میزبان کی مجموعی دولت تین ارب ڈالر ہے، جبکہ وہ ایک ٹی وی چینل کی مالکہ ہونے کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ تین دولت مند اداکاروں ٹام کروز، وائن ڈگلس جانسن اور شاہ رخ خان کے مجموعی دولت جوکہ 2.3 ارب ڈالر ہے اس سے زیادہ دولت رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ ٹاک شو میزبان گزشتہ 50 برسوں میں امریکا میں سب سے زیادہ بااثر لوگوں میں شامل ہوئے ہیں۔ ان پرائم ٹائم ٹاک شوز کا اثر و رسوخ اور پہنچ اتنی زیادہ ہے کہ ان کی قیادت کرنے والے چہرے سلطنتیں بنا لیتے ہیں۔
ان میں سب سے امیر اور نمایاں ترین افراد کا شمار امریکہ کے دولت مند ترین لوگوں میں کیا جا سکتا ہے، باوجود اس کے کہ وہ عام سے پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ کوئی حیرت کی بات نہیں کہ یہاں جس دولت مند ترین ٹاک شو میزبان کا ذکر کیا جارہا ہے انکا نام اوپرا ونفرے ہے، جرنلسٹ سے اداکارہ بننے والی 71 سالہ اوپرا ونفرے کا تعلق انتہائی غریب اور پسماندہ خاندان سے تھا لیکن تقدیر نے یاوری کی اور آج فوربس کے مطابق انکی دولت کا تخمینہ تین ارب امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔
2025 کی فوربس کی ارب پتی افراد کی فہرست میں وہ 1219ویں نمبر پر جبکہ میڈیا اور انٹر ٹینمنٹ کے دولت مند لوگوں میں ٹاپ 50 میں ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ دنیا کے کسی بھی دوسرے پرائم ٹائم ٹاک شو کے پاس اوپرا کی دولت کا چھٹا حصہ بھی نہیں ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ میڈیا ایمپائر بنانے کے حوالے سے اپنے کامیاب کیریئر کا فائدہ اٹھانے میں کسقدر کامیاب رہی ہیں۔