• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم کا جی آئی ڈی سی آرڈیننس واپس لینے کا فیصلہ

وزیرِ اعظم کا جی آئی ڈی سی آرڈیننس واپس لینے کا فیصلہ


وزیرِ اعظم عمران خان نے گیس انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کی مد میں صنعتکاروں کو 208 ارب روپے معاف کرنے کا آرڈیننس واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان وزیرِ اعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اٹارنی جنرل کو جی آئی ڈی سی کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے حالیہ تنازع پر شفافیت یقینی بنانے کے لیے یہ آرڈیننس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ عدالت جانے سے فیصلہ خلاف آنے کا بھی خطرہ ہے۔

ترجمان وزیرِ اعظم آفس کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل کو جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست فوری دائر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ نے جی آئی ڈی سی کو غیر قانونی قرار دیا تھا، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی نظرِثانی درخواست بھی خارج کر دی تھی۔

ترجمان وزیرِ اعظم آفس کے مطابق نئی قانون سازی کی گئی جسے صوبائی ہائی کورٹس میں چیلنج کیا گیا، جبکہ سپریم کورٹ میں بھی مختلف اپیلیں زیرِ التوا ہیں۔

ترجمان وزیراعظم آفس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس آرڈیننس کا مقصد عدالت کے باہر مذاکرات کے ذریعے 50 فیصد رقم وصول کرنا تھا۔

تازہ ترین