• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواب امان اللہ کی شہادت‘پارٹی مخلص رہنما سے محروم ہوگئی‘اختر لانگو

کوئٹہ( این این آئی)چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی اخترحسین لانگو نے کہا ہے کہ سیاسی اکابرین اور رہنما کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں وہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں، شہید نواب امان اللہ زہری کا قتل بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا اندوہناک سانحہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔شہید نواب امان اللہ زہری کا بلوچستان میں سیاسی اور قبائلی کردار اور خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انکے قتل سے نا صرف بلوچستان نیشنل پارٹی ایک مخلص دوست، ہمدرد اور دور اندیش رہنما سے محروم ہوا بلکہ پورے بلوچستان کی قبائلی و سیاسی شخصیات غمگین اور افسردہ ہیں، شہید امان اللہ زہری کے قتل کے خلاف 22 ستمبر کو ہاکی گرائونڈ میں منعقد ہونیوالے جلسے کی کامیابی کیلئے بی این پی کے تمام نوجوان ،کارکن، سینئر رہنما اور عہدیدار بھرپور کردار ادا کریں ، وحدت کالونی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اصول و نظریہ کی سیاست اور بلوچستان کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی نا صرف بات کی بلکہ انکے حصول کے لئے جدوجہد کی، بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی راہ میں پارٹی کے اکابرین سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا ،ان تمام خطرات، دھونس، دھمکیوں اور جا نی نقصان کے باوجود وہ اور انکے ساتھی اپنی اصولی و نظریاتی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نے کہا کہ بی این پی کے ورکر، سینئر رہنما، یونٹس کے صدور اور عہدیدار جلسے کی تیاریاں تیز کر دیں، علاوہ ازیں اختر حسین لانگو نے حلقہ انتخاب کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاجی جلسہ کی مناسبت سے کارنر میٹنگز سے خطاب کیا۔
تازہ ترین